اسلام آباد: چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے پاکستانی کمیونٹی کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلفونک رابطہ کیا جس میں کرونا وائرس اور وبا سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کرونا وائرس کے حملے اور چینی حکومت کی جانب سے کیے گئے تمام حفاظتی اقدامات سے شاہ محمود قریشی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بالخصوص زیر تعلیم طلباء کو اس وبا سے بچانے کیلئے چینی حکومت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، چینی حکومت پاکستانی کمیونٹی کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے اور ان کو اپنے شہریوں کی طرح سہولیات فراہم کر رہی ہے جب کہ ڈبلیو ایچ او نے بھی کرونا وائرس کے حوالے سی چینی حکومت کی کوششوں کو سراہا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے چینی حکام کی جانب سے اب تک کی جانے والی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وائرس سے متاثرہ علاقوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بالخصوص زیر تعلیم پاکستانی طلباء کو خصوصی توجہ دینے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں جب کہ پاکستانی عوام اور حکومت اس مشکل گھڑی میں چینی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
Comments are closed.