پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے متشدد بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی پاکستانی عوام کےعزم اورپاک فوج کی صلاحیتوں سےمتعلق غلط فہمی میں نہ رہے۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی وزیراعظم مودی کے متشدد بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نریندر مودی کے غیر ذمہ دارانہ اور جنگی تاثرات دینے والے بیان کو یکسر مسترد کرتا ہے، بھارتی وزیراعظم کا بیان پاکستان مخالف حکمت عملی کاحصہ ہے۔
ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کی دھمکیوں اور اشتعال انگیز بیانات نے انتہا پسندانہ ذہنیت کی مزید واضح کیا ہے، بی جے پی قیادت نے بھارت میں ریاستی اداروں کو بظاہر خوف میں مبتلا کردیا ہے، اس طرح کے بیانات بھارت کے پاکستان کے بارے میں ناقابل برداشت جنون کی عکاسی کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی جارحانہ بیانات علاقائی امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہیں، عالمی برادری بھارتی قیادت کی جانب سے جاری متنازعہ بیانات اور جارحانہ بیانات کانوٹس لے، امید کرتے ہیں کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے جموں و کشمیر تنازعہ کے پرامن حل کی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ بھارتی کیڈٹس کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے گیڈر بھپکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی فوج سات سے 10 دن میں پاکستانی فوج کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، جب کہ مودی نے الزام عائد کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان نے دہائیوں سےمقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے خلاف سازشی جنگ چھیڑ رکھی ہے جس سے ہمارے سیکڑوں سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے۔
Comments are closed.