کراچی: علی ظفر کا پی ایس ایل سیزن 5 کے لئے بنایا گیا نغمہ ریلیز سے قبل ہی اتنا زیادہ مشہور ہوگیا ہے کہ پاکستانی شائقین کے ساتھ ساتھ آسٹریلوی صحافی بھی اس کے سحر میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
علی ظفر کا پی ایس ایل سیزن 5 کے لیے بنایا گیا گانا ابھی ریلیز بھی نہیں ہوا اور سوشل میڈیا پر مقبول ہوچکا ہے۔ علی ظفر نے چند روز قبل اپنے مداحوں اور کرکٹ شائقین کے پرزور اصرار پر پی ایس ایل 5 کا گانا بنانے کا اعلان کیا تھا تاہم انہوں نے کہا تھا گانا میں بناؤں گا لیکن ڈانس کی ویڈیو آپ لوگ بناکر بھیجیں۔
علی ظفر کے اس پیغام کے بعد لوگوں نے بڑی تعداد میں نئے گانے کے لیے اپنی ڈانس ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنی شروع کردیں اور اب تو یہ حال ہے کہ سوشل میڈیا پر ہر طرف صرف علی ظفر کے گانے کے لیے شائقین کی بنائی گئیں ویڈیوز ہی چھائی ہوئی ہیں۔
تاہم علی ظفر کے گانے کے لیے صرف پاکستانی شائقین نے ہی نہیں بلکہ آسٹریلوی صحافی نے بھی ویڈیو بنائی ہے۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والےاسپورٹس صحافی اور بلاگر ڈینس ڈوز جو ان دنوں پی ایس ایل کے سلسلے میں پاکستان میں موجود ہیں نے بھی علی ظفر کے گانے کے لیے ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو بنائی ہے اور اسے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔
ویڈیو میں ڈینس ڈوز بڑے ہی دلچسپ اور دیسی انداز میں رقص کررہے ہیں جسے شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔ ڈینس ڈوز نے ویڈیو کے ساتھ علی ظفر کے لیے پیغام لکھا میں نے آپ کے گانے کے لیے اپنا ڈانس ریکارڈ کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ علی ظفر کے گانے کے لیے گلوکار علی عظمت نے بھی رقص کی ویڈیو بھیجنے کا کہا ہے علی ظفر اتوار کے روز گانا ریلیز کریں گے۔
Comments are closed.