کراچی: ڈراماسیریل ’’عہدوفا‘‘ کی آخری قسط کے ٹریلر میں بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی گرفتاری اور میجر ہمایوں کی انٹری کو سوشل میڈیا پر خوب پسند کیا جارہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے تعاون سے بنائے جانے والے ڈرامے’’عہد وفا‘‘ کی آخری قسط کا ٹریلر جاری کیا گیا ہے جس میں میجر ہمایوں کی انٹری اور بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی گرفتاری کو سب سے زیادہ پسند کیا جارہا ہے۔
میجر ہمایوں کا کردار اداکار ہمایوں سعید اداکررہے ہیں جو ٹریلر میں گرفتار بھارتی پائلٹ سے سوالات کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں جب کہ ہمایوں سعید کا لہجہ دیکھ کر بھارتی پائلٹ کی حالت نہایت خراب ہورہی ہے اور وہ سوالوں کے جواب دینے کے بجائے کہہ رہا ہے’’مجھے باتھ روم جانا ہے‘‘۔
ڈرامے میں ہمایوں سعید کی دبنگ انٹری سے ان کے مداح بے حد خوش اور پرجوش ہیں اور بے چینی سے ڈرامے کی آخری قسط کا انتظار کررہے ہیں۔ ڈرامے کی آخری قسط 14 مارچ کو سینما گھروں میں بھی دکھائی جائے گی۔
واضح رہے کہ ڈراماسیریل ’’عہدِ وفا‘‘ چار دوستوں کی کہانی پر مبنی ہے یہ کردار احد رضا میر، عثمان خالد بٹ، وہاج علی اور علی اکبر نے نبھائے ہیں۔
Comments are closed.