Khabardar E-News

پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیزبیان کومسترد کردیا

206

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اشتعال انگیز بیان کو مسترد کردیا۔ 

ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کے جنگجو اور غیرذمہ دارانہ بیانات کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پالیسیوں پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے اور بھارتی وزیراعظم کے دھمکی آمیز بیانات صورتحال میں مزید بگاڑ پیدا کر رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سوچ کی بدولت بھارت میں ریاستی اداروں کو نقصان پہنچا ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے بالاکوٹ میں بھارتی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا اور بھارتی جہاز گرایا اور پائلٹ کو گرفتار کیا، پاکستان کا جواب ہماری اہلیت، تیاری اور عزم جاننے کے لیے کافی ہونا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کی اہلیت اور عزم کو کم نہ سمجھا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری بھارتی دھمکیوں اوراشتعال پر مبنی بیانات کا نوٹس لے۔

خیال رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں تقریب کے دوران اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 سے لاک ڈاؤن کررکھا ہے اور مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت ختم کردی ہے جبکہ وہیں متنازع شہریت کے قانون کے خلاف بھارت میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ 

اس متنازع بھارتی قانون کے تحت پاکستان، بنگلا دیش اور افغانستان سے بھارت جانے والے غیر مسلموں کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو نہیں۔

اس قانون کے خلاف بھارتی ریاستوں کیرالہ،پنجاب ،راجستھان اور مغربی بنگال کی اسمبلیاں قرار داد بھی منظور کرچکی ہیں۔

Comments are closed.