متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آگئے۔
چین کے شہر ووہان سے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لینے والے کورونا وائرس سے اب تک ایک سو سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد اس سے متاثر ہیں۔
یہ مہلک وائرس چین کے علاوہ جاپان، سنگاپور، ملائیشیا اور امریکا سمیت دنیا کے 18 ممالک میں پہنچ گیا ہے جہاں متعدد افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اب یہ کورونا وائرس متحدہ عرب امارات بھی پہنچ گیا ہے جہاں چینی شہر ووہان سے آنے والی چینی خاندان کے 4 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
اماراتی وزرات صحت نے بھی پریس ریلیز کے ذریعے کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ افراد قدرے بہتر ہیں اورانہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اماراتی حکام نے پریس ریلیز میں یہ نہیں بتایا کہ متاثرہ افراد متحدہ عرب امارات کے کس شہر پہنچے تھے۔
دوسری جانب امریکا اور جاپان نے کورونا وائرس کے پیش نظر اپنے شہریوں کو ووہان سے نکال لیا ہے جبکہ یورپی یونین، فرانس اور جنوبی کوریا اس ہفتے اپنے شہریوں کو واپس لے جائیں گے۔
برطانوی اور انڈونیشیا کی ایئر لائنز نے چین کے لیے اپنی پروازیں معطل کردیں ہیں۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر چین کے17 شہروں میں ٹرین، بس اور فضائی سروس مکمل بند ہے جبکہ ہانگ کانگ کے ریلوے اسٹیشن بھی سنسان پڑے ہیں۔
چین کی جانب سے اس وائرس سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جارہے ہیں اور ساتھ ہی ایک بڑا اسپتال بھی بنایا گیا ہے۔
Comments are closed.