اسلام آباد: پی ایس ایل فائیو کے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ کا ٹاس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے جیتا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا، رونکی نے پہلی اور دوسری گیند پر باؤنڈری لگا کر خطرناک عزائم کا اظہار کیا تاہم دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر وہ نسیم شاہ کا شکار بن گئے۔
تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے بلے باز ڈیوڈ میلان بھی نسیم کا شکار بنے، وہ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم کولن منرو 20 گیندوں پر 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپس لوٹے جس کے بعد کپتان شاداب خان خود بیٹنگ کے لیے آئے اور کولن انگرام کے ساتھ زبردست شراکت قائم کرکے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔
شاداب خان 25 گیندوں پر 39 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، آصف علی صرف 15 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے، فہیم اشرف 4 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے، عماد بٹ صرف ایک چھکا لگانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ کولن انگرام 40 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے فتح کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹ کے نقصان پر 188 رنز کا ہدف دیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے انگرام نے 41 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 63 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف 4 اور عماد بٹ 6 رنز بنا سکے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ اور ٹیمل ملز نے 2،2 جب کہ بین کٹنگ اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی بیٹنگ شروع ہوئی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز جیسن روئے اور شین واٹسن نے 188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 41 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ مہیا کیا جس کے بعد شین واٹسن 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کوئٹہ کی دوسری وکٹ 63 رنز پر گری جب احمد شہزاد 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ اعظم خان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 10 رنز بنا کر شاداب خان کو وکٹ دے بیٹھے۔ کپتان سرفراز احمد نے جیسن روئے کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 23 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی مگر 102 رنز کے مجموعی اسکور پر ففٹی بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
جیسن نے 37 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے، انہیں عبداللہ نے آؤٹ کیا۔ 133 رنز کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ نئے آنے والے بلے باز محمد نواز اور بین کٹنگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور چھٹی وکٹ کے لیے 57 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے ٹیم کو جیت سے ہم کنار کروایا۔
آخر میں کوئٹہ کو جیت کے لیے چار گیندوں پر 10 رنز درکار تھے کہ کٹنگ نے ایک چھکا مار دیا جس کے بعد تین گیندوں پر چار رنز رہ گئے بعدازاں کٹنگ نے ایک اور چھکا لگا کر کوئٹہ کو فتح دلادی۔
بین کٹنگ 17 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 42 جبکہ محمد نواز 25 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ اسلام یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف، احمد ساقی عبداللہ نے 2،2 جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
Comments are closed.