Khabardar E-News

حکومت کا سابق حکمرانوں سے غیر ضروری اخراجات کی رقوم واپس لینے کا فیصلہ

94

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

وفاقی حکومت نے سابقہ سربراہان مملکت سے غیر ضروری اخراجات کی رقوم واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔ 

ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق 10 سال کے دوران سربراہان مملکت کے دوروں کی تفصیلات کابینہ کو موصول ہوگئی ہیں جو کہ وزارت خارجہ کی جانب سے کابینہ ارکان کو بھیجی گئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ سربراہان مملکت کی بیرونی دوروں پر اخراجات کی تفصیلات 2008 سے 2018 تک کی ہیں اور 6 سربراہان مملکت کے بیرونی دوروں پر 4 ارب 47 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس سالوں میں سربراہان مملکت نے 333 دورے کیے، سب سے زیادہ آصف زرداری نے 134 غیر ملکی دورے کیے اور بطور صدرآصف زرداری کے دوروں پر ایک ارب 42 کروڑ روپے خرچ ہوئے جبکہ بطورصدر مملکت ممنون حسین نے 31 دوروں پر 27 کروڑ 82 لاکھ روپے خرچ کیے۔

ذرائع کے مطابق بطور وزیراعظم نوازشریف کے 92 دوروں پر ایک ارب 83 کروڑ روپے خرچ ہوئے، وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کے 48 دوروں پر 57 کروڑ 16 لاکھ روپے اور شاہد خاقان عباسی کے 19 دوروں پر 25 کروڑ 95 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ راجہ پرویز اشرف کے 9 دوروں پر 10 کروڑ 71 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے دور میں 142 ،پیپلزپارٹی دور میں 191 بیرونی دورے ہوئے جن میں سے ن لیگ کے دور میں بیرونی دوروں پر 2 ارب 37 کروڑ 31 لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ پیپلزپارٹی کے دور میں بیرونی دوروں پر 2 ارب 10 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے غیر ضروری اخراجات کرنے والوں سے رقوم واپس لینے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے تمام وزارتوں اور ڈویژن کو اہم ہدایات دے دی گئیں ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومتی سربراہان اور فیملیز کے علاج معالجے پر اٹھنے والی رقوم واپس لی جائیں گی جبکہ پرائیویٹ سیکیورٹی، کیمپ آفسز اور انٹرٹینمنٹ کی مد میں خرچ ہونے والی رقم بھی واپس لی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ منگل کو رقوم کی واپسی کی منظوری دے گی۔

خیال رہے کہ 2008 سے 2018 تک وفاق میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت رہی ہے اور اس دور میں آصف زرداری اور ممنون حسین صدر مملکت رہے ہیں۔ 

اِس دور کے وزرائے اعظم میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی شامل ہیں۔ 

Comments are closed.