راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ 26 فروری کو بھارت نے ناکام اور بزدلانہ کارروائی کی تاہم دفاع وطن کے لیے پاک فوج ہمہ وقت تیار ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ آپ سب کو 27 فروری کا دن مبارک ہو، 27 فروری کا دن تاریخ میں روشن باب ہے، تمام غازیوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، 26 فروری کو بھارت نے ناکام اور بزدلانہ کارروائی کی تاہم پاک فوج نے دن کی روشنی میں موثر جواب دیا، دشمن کے 2 لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کیا گیا۔
بھارت کے جارحانہ رویے سے خطے کو خطرہ ہے
میجر جنر بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت کے جارحانہ رویے سے خطے کو خطرہ ہے، مشرقی سرحد پر بھارت کی طرف سے خطرات درپیش ہیں تاہم عزت اور وقار کی کوئی قیمت نہیں، دفاع وطن کے لیے پاک فوج ہمہ وقت تیار ہے، ہم اپنی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے بھی تیار ہیں۔
بھارت اندرونی شورش سے توجہ ہٹانے کے لیے کھیل کھیل رہاہے
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایل اوسی پر شرانگیزیوں میں اضافہ ہوا ہے، بھارت رواں سال ایل او سی کی 384 خلاف ورزیاں کر چکا جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور 30زخمی ہوچکے ہیں جب کہ اندرونی شورش سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کھیل کھیل رہاہے۔
آپریشن ردالفساد کو 3 سال ہوگئے
ترجمان پاک فوج میجر جنر بابر افتخار نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کو 3 سال ہوگئے، اس دوران 1200 سے زائد چھوٹے بڑے آپریشن کیے گئے جس میں ہزار سے زائد دہشتگردوں کو ماردیا گیا یا پکڑے گئے۔
مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ رہیں گے، کشمیر کا مسئلہ ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازع ہے جہاں بھارت نے 73 سال سے ظلم و ستم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے جب کہ دنیا بھر میں بھارت کے خلاف مظاہرے ہورہے ہیں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے بھی دورہ پاکستان کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پاسداری پر زور دیا، مقبوضہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرداروں کے مطابق ہوناچاہیے۔
27 فروری کسی بھی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کے عزم کی یاد گار ہے
اس سے قبل سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 27 فروری کسی بھی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کے عزم کی یاد گار ہے، اس دن ہم نے ثابت کیا کہ دشمنوں کی جارحیت کو ہمیشہ شکست دی جائے گی اور دشمن ہمارے جرات مندانہ ردعمل سے حیران رہ جائیں گے۔
Comments are closed.