تہران / سیئول: ایران میں نائب وزیر صحت اور ایک رکن پارلیمنٹ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ جنوبی کوریا میں تعینات امریکی فوج کے ایک اہلکار میں بھی کورونا وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس سے چین کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں ایران میں ہوئی ہیں۔ ایران کے نائب وزیر صحت ارج حریرچی اور رکن پارلیمنٹ محمود سدیگی میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
ایرانی رکن پارلیمنٹ محمود سدیگی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہوں اور اب زیادہ عرصہ زندہ رہنے کی امید نہیں۔ نائب وزیر صحت نے بھی اپنے ویڈیو پیغام میں کورونا وائرس کا مریض ہونے کی تصدیق کی۔
ادھر جنوبی کوریا میں تعینات ایک امریکی فوجی میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 600 ہوگئی ہے جب کہ ایران میں 57 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ دو درجن سے زائد ممالک میں یہ وائرس داخل ہوچکا ہے۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حالیہ دنوں میں ایران، اٹلی اور جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے نئے کیسز ’’انتہائی تشویشناک‘‘ ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگرچہ یہ وائرس اب تک عالمگیر وبا نہیں بنا لیکن اس میں عالمی وبا بننے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔
Comments are closed.