Khabardar E-News

گاڑیوں میں ٹکر سے 2 افراد جاں بحق، امریکی سفارتخانے کا ڈرائیور گرفتار

106

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد میں 2 گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے فیصل چوک پر  سگنل بند ہونے کے باوجود تیز رفتار گاڑی سامنے سے آنے والی کار سے جاٹکرائی۔

دونوں گاڑیوں کے تصادم میں کار میں سوار خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے جبکہ زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ 

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت نادیہ بی بی کے نام سے ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں سے ایک گاڑی امریکی سفارتخانے کی ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے امریکی سفارتخانے کی گاڑی کے ڈرائیور امجد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق سفارتخانے کی گاڑی پاکستانی ڈرائیور چلارہا تھا اور واقعے کا مقدمہ مارگلہ تھانے میں درج کرلیا گیا۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی گاڑی سے شہریوں کی ہلاکت کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اپریل 2018 میں بھی  امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق بیگ نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا تھا۔

Comments are closed.