لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ معاشی حکمت عملی سوچے بغیر 12000 ارب قرض قوم سے سنگین غداری اور ظلم ہے۔
اپنے بیان میں شہبازشریف نے نجی شعبے کی جانب سے قرض لینے میں 70 فیصد کمی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کے قرض لینے میں 70 فیصد کمی پاکستانی معیشت کا نائن الیون ہے، رواں مالی سال کے 7 ماہ کی یہ صورتحال معاشی تباہی وبربادی کی دہائی ہے، اسٹیٹ بینک کی یہ رپورٹ حکومتی معاشی دعووں کو جھوٹ ثابت کررہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کا بینکوں سے قرض نہ لینا ثبوت ہے کہ ملک میں معیشت کا پہیہ رُک چکا ہے، 13.25 فیصد کی بلند ترین شرح سود پر فیکٹری اور کارخانے تو دور ریڑھی بھی نہیں لگ سکتی، بجلی گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ اور 15 فیصد مہنگائی معیشت کے لئے کورونا وائرس کی طرح مہلک ہے، معاشی حکمت عملی سوچے بغیر 12000 ارب قرض قوم سے سنگین غداری اور ظلم ہے، کرپشن اورچوری میں اضافہ، نااہلی اور نالائقی معاشی تباہی کی آگ پر تیل کاکام کررہی ہے، معیشت کومے میں ہے اور ہنگامی اقدامات نہ ہوئے تو مریض کا زندہ بچنا مشکل ہوگا۔
Comments are closed.