اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی پرائس کنٹرول پر توجہ کے باعث مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے اور جنوری 2020 میں مہنگائی کی شرح 14.6 فیصد رہی جو کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں سب سے زیادہ ہے۔
اپوزیشن کی جانب سے بھی حکومت کو مہنگائی پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ عوام بھی مہنگائی سے چیخ اٹھے ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز کو 10 ارب روپے کا پیکج دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اب وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے قیمتیں قابو میں رکھنے پر مسلسل توجہ کے باعث اشیائے خورونوش خصوصاً سبزیوں کی قیمتوں میں واضح کمی نمایاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو یقین دلاتا ہوں مصنوعی طور پر مہنگائی کرنے والے عناصر کو سزا دلوانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ حکومت کی اپنی رپورٹ کہہ رہی ہے کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے اور بے روزگاری کا طوفان ہے، ملکی تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی گذشتہ 15 ماہ میں ہوئی۔
Comments are closed.