امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارت کے پہلے سرکاری دورے پر پہنچ گئے جہاں وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سب سے پہلے نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد پہنچے جہاں انہوں نے دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم سردار پٹیل اسٹیڈیم میں عوام کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔
اس موقعے پر وزیرِاعظم نریندر مودی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ٹرمپ نے سب سے پہلے عوام کو وہاں کے مخصوص انداز میں’نمستے‘ کیا بعد ازاں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے لیے ہمارے دلوں میں ہمیشہ ایک خاص جگہ رہے گی۔
انہوں نے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر کوئی ان سے محبت کرتا ہے لیکن میں آپ کو یہ بتادوں کہ یہ بہت سخت جان انسان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ صرف گجرات کی ریاست کا فخر نہیں ہیں، آپ اس بات کی زندہ مثال ہیں کہ مسلسل محنت سے بھارتی جو بھی حاصل کرنا چاہیں کرسکتے ہیں‘۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا ’خدا بھارت کو خوش رکھے اور امریکا کو بھی، ہم آپ سے محبت، بہت زیادہ محبت کرتے ہیں‘۔
علاوہ ازیں دہشتگردی سے متعلق بات کرتے ہوئے امریکا کے صدر کا کہنا تھا کہ ’امریکا اور بھارت مل کر دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑیں گے، امریکا بھارت کو بہترین ہتھیار فراہم کررہا ہے‘۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ بڑے تجارتی معاہدے پر کام کررہے ہیں۔
علاوہ ازیں صدر ٹرمپ کے دورہ بھارت میں دونوں ممالک کے درمیان 3 ارب ڈالرز کے دفاعی منصوبوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے ایسے وقت میں بھارت کا دورہ کیا گیا ہے جب وزیرِاعظم نریندر مودی کو بھارت میں شہریت قانون کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
اسٹیڈیم پہنچنے سے قبل صدر ٹرمپ نے گاندھی کی جائے پیدائش کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گجرات کے بعد آگرہ کا رخ کیا جہاں انہوں نے 17 ہویں صدی میں مغل بادشاہ شاہجہاں کی جانب سے اپنی بیوی سے محبت کے اعتراف میں تعمیر کرائے جانے والے تاج محل کا بھی دورہ کیا۔
صدر ٹرمپ کے اس دورے میں ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ ، بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیریڈ کشنر بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں۔
کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹرمپ کے خطاب کے دوران ہی بڑی تعداد میں لوگ تقریر کو ادھورا چھوڑ کر گراؤنڈ سے جانا شروع ہوگئے تھے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
Comments are closed.