Khabardar E-News

اپوزیشن نہیں اپنے خلاف ہم خود خرابی پیدا کررہے ہیں، شیخ رشید

141

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے اعتراف کیا ہے کہ اپوزیشن نہیں اپنے خلاف ہم خود خرابی پیدا کررہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ چین پاکستان سے محبت کرنے والا ملک ہے، چین ہمارا ہے اور ہم چین کے ہیں۔ سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، ریلوے کی ترقی ملک کی ترقی ہے، میری زندگی کا مقصد ایم ایل ون ہے، ایم ایل ون ہر صورت مکمل ہوگا، ایم ایل ون مکمل ہونے کے بعد مستعفی ہوجاوَں گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری اور ضروری ہے،  6 ارب ڈالرکوئی اور دے دیتا تو آئی ایم ایف کےپاس نہ جاناپڑتا، مشکل وقت میں چین پاکستان کےشانہ بشانہ ہوگا۔ 10 سال میں ہم اپنا قرض واپس کردیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 16 ماہ میں جو مسائل ہمیں ملے کسی اورحکومت کونہیں ملے، مانتا ہوں کہ ہم آٹا بحران پر ہم قابو نہیں پاسکے، میں نے کابینہ اجلاس میں آٹے کی برآمدات کے خلاف ووٹ دیا تھا، میں ایک ووٹ کا لیڈر ہوں، وہ عمران خان جتنی میری بات مانتے ہیں وہی کافی ہے۔ چینی مہنگی کرنے کے ذمہ دار شوگر مل مالکان ہیں۔ چینی 2 روپے کم ہوئی ہے آئندہ کابینہ اجلاس میں مزید کم کراوَں گا۔ ملک میں مضبوط پرائس کنٹرول کمیٹی ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شریف خاندان سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، انہوں نے باہر جاکر نئے ہیٹ اور کوٹ ہی تو خریدے ہیں، 2020 الیکشن کا سال نہیں بلکہ ترقی شروع ہونے کا سال ہوگا۔ ابھی شہباز شریف کی کوئی ضرورت نہیں ،یہاں سارے کام ٹھیک چل رہے ہیں۔ جب انہیں کہوں تو وہ واپس آجائیں گے۔ ہمارے سامنے شریف قسم کی اپوزیشن ہے جو ساری لیٹی پڑی ہے، ہماری خلاف کوئی خرابی نہیں کررہا، جو کچھ خرابی کررہے ہیں ہم خود کررہے ہیں۔

شیخ رشید نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو بکواس قراردیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ جھوٹ کی آماجگاہ ہے، عمران خان ایماندار انسان ہیں، ان کی دیانت کی گواہی دیتا ہوں، عمران خان کی حکومت آتے ہی 40 مسائل کھڑے ہوگئے، کوئی ہفتہ ایسا نہیں ہوتا جب حکومت کو کسی مسئلے سے نہ نمٹنا ہو،عمران خان ہر مشکل سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، عمران خان نے جتنی محنت کی ہے اتنا نتیجہ نہیں نکلا۔

Comments are closed.