Khabardar E-News

کرکٹ سیریز کیلئے بھارت کے پیچھے نہیں بھاگیں گے، احسان مانی

264

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کا سہرا پی ایس ایل کو جاتا ہے، اس بار پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہے، جس کا فائدہ ضرور ہوگا،چیئرمین پی سی بی
پاکستانی ٹیم اب تمام ہوم سیریز ملک میں کھیلے گی،سری لنکن ٹیم کو پاکستان لانے کیلئے بورڈ نے بڑی محنت کی ، پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکن ٹیم کی میزبانی کو تیار ہے،محمد وسیم خان
لاہور (اسپورٹس نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ آج بھی اس بات پر قائم ہیں کہ کرکٹ سیریز کھیلنے کے لیے بھارت کے پیچھے نہیں بھاگیں گے، اگر بھارت کو کرکٹ کھیلنی ہے تو پہلے بات کریں۔ان خیالات کا اظہار پی سی بی چیئرمین نے پاک، سری سیریز کے لوگو کی تقریب رونمائی کے موقع پر کیا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے لئے اسپانسرز اور’لوگو‘ کی تقریب رونمائی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوئی۔پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کا سہرا پی ایس ایل کو جاتا ہے، پچھلی دفعہ پاکستان میں آٹھ میچز ہوئے تھے،اس بار پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہے، جس کا فائدہ ضرور ہوگا۔جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی مستقل واپسی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اب اپنی تمام ہوم سیریز کی میزبانی اپنی سرزمین پر کریگا۔تفصیلات کے مطابق سری لنکن ٹیم رواں ہفتے ون ڈے اور ٹی20 سیریز کیلئے پاکستان پہنچ رہی ہے جس سے پاکستان میں عالمی کرکٹ کے دروازے مستقل طور پر کھلنے کی راہ ہموار ہو گی اور اب پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے ملک میں ہی پاکستانی ٹیم کی تمام ہوم سیریز کے انعقاد کا دعویٰ کردیا ہے۔وسیم خان نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان لانے کے لیے بورڈ نے بڑی محنت کی اور پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکن ٹیم کی میزبانی کو تیار ہے۔وسیم خان نے ملک میں مستقل بنیادوں پر انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم اب اپنی تمام ہوم سیریز ملک میں ہی کھیلے گی۔اس موقع پر انہوں نے جلد ہی ایک اور کرکٹ سیریز کے پاکستان میں انعقاد کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے بعد جنوری میں بنگلہ دیشی ٹیم کو پاکستان مدعو کیا ہے اور بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز بھی پاکستان میں ہی منعقد کرائیں گے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بھی سرفراز ہی ہیں، ابھی ہماری توجہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز پر مرکوز ہے اور اس سیریز کے بعد ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔مصباح الحق کو چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ دونوں عہدے سونپنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سے ٹیم کی کارکردگی کے احتساب میں آسانی ہو گی اور ماضی کے برعکس ذمے داران کا تعین کیا جا سکے گا۔انہوںنے کہاکہ مصباح الحق پر پورا بھروسہ ہے اور بورڈ نتائج کی پرواہ کیے بغیر انہیں مکمل سپورٹ کرے گا۔اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ پی سی بی نے کپتان اور کوچ کے اختیارات کا تعین کردیا ہے ۔

Comments are closed.