اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں قوم اس مرتبہ روایت سے ہٹ کر عید الفطر کی خوشیاں منائے۔
ملک میں عیدالفطر کے موقعے پر خصوصی پیغام ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ اس مرتبہ قوم روایت سے ہٹ کر عید الفطر کی خوشیاں منائے۔ سب سے پہلے ہم ان خاندانوں کے لئے دستِ دعا بلند کریں جن کے پیارے ہوائی جہاز کو پیش آنے والے سانحے میں ان سے بچھڑ گئے یا وباء (COVID 19) کے نتیجے میں ان سے جدا ہوگئے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم میں سے ہر کوئی وباء کے حوالے سےمتعارف کردہ خصوصی تدابیر یعنی SOPs کا بھرپور خیال اور لحاظ رکھے۔ مرض ہمارے درمیان موجود ہے چناں چہ نماز کی عید کی ادائیگی سمیت پوری چھٹیوں کے دوران سماجی فاصلوں کا بطور خاص اہتمام کیا جائے۔ اللہ پاک اپنی رحمت ہم پر سایہ فگن فرمائیں۔
دوسری جانب پنجاب، سندھ، خیبر پختون خوا ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ اور وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بھی کورونا وائرس وبا اور کراچی میں طیارے کے حادثے میں ہونے والے جانی نقصان کو پیش نظر رکھتے ہوئے قوم سے عید سادگی کے ساتھ منانے کی اپیل کی ہے۔
Comments are closed.