لاہور: سول عدالت نے مشہور ڈراما سیریل’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی آخری قسط نشر ہونے سے رکوانے کی درخواست مسترد کردی۔
لاہور کی سول کورٹ میں پاکستان کے مقبول ترین ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی آخری قسط نشر ہونے سے رکوانے کے لیے دائر کی گئی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سول جج نائلہ ایوب نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت میں تمام فریقین کے وکلاء نے دلائل مکمل کرلئے جس کے بعد سول جج نائلہ ایوب نے ماہم جمشید کی درخواست مسترد کردی۔
سول عدالت میں ڈرامے کی آخری قسط نشر ہونے سے رکوانے کے لیے ماہم جمشید نامی خاتون نے اپنے وکیل ماجد چوہدری ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی تھی۔ خاتون نے درخواست میں موقف اختیار کرتےہوئے کہاتھا کہ ڈرامے میں خواتین کی مسلسل تضحیک اور عورت کو معاشرے میں کم تر دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ڈرامے نے پاکستانی خواتین پر مثبت نتائج نہیں ڈالے۔ لہذٰا عدالت فوری ڈرامے کی آخری قسط نشر ہونے سے روکنے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ خلیل الرحمان قمر کے لکھے ہوئے ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ نے پاکستان بھر میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ اس ڈرامے کا موازنہ سوشل میڈیا پر پی ٹی وی کے دور کے ڈراموں سے کیا جارہا ہے۔ ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ہی ڈرامے کے پروڈیوسر اور مرکزی اداکار ہمایوں سعید اور ڈائریکٹر ندیم بیگ نے اس کی آخری قسط ٹی وی کے بجائے سینما میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈراماسیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی آخری قسط 25 جنوری کو یعنی کل سینما میں ریلیز کی جائے گی۔ ڈرامے میں ہمایوں سعید کے علاوہ اداکار عدنان صدیقی اورعائزہ خان مرکزی کردار نبھارہے ہیں۔
Comments are closed.