Khabardar E-News

قائد اعظم یونیورسٹی میں مافیا بنے ہوئے ہیں، قائمہ کمیٹی تعلیم

188

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد: قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا کہنا ہے کہ قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں مافیا بنے ہوئے ہیں۔

نجیب الدین اویسی کی صدارت میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا اجلاس ہوا تو قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی عدم حاضری پرقائمہ کمیٹی تعلیم نے برہمی کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی کو آئندہ اجلاس میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔

کمیٹی ارکان نے کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی میں ہمیشہ مسائل رہتے ہیں، رپورٹس تیار ہوتی ہیں لیکن عملدرآمد نہیں ہوتا، یونیورسٹی کے اندر انتظامی بے ضابطگیوں پر ایکشن نہیں ہوتا، یونیورسٹی انتظامیہ غیر قانونی قبضہ ختم نہیں کرواسکتی اور بے بس ہے، جامعہ میں مافیا بنے ہوئے ہیں جوہاسٹلز،انتظامیہ اور طلباء میں موجود ہیں۔

قائمہ کمیٹی میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں طلبہ تصادم پر بحث ہوئی جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ارکان نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں بچوں کو پڑھنے بھیجتے ہیں، تصادم میں ایک بچے کی جان گئی، اس کی وجوہات سامنے نہیں لائی گئیں۔

ممبر کمیٹی علی نواز اعوان نے بتایا کہ جامعہ میں صدر اور ریکٹر میں کھینچا تانی جاری ہے جس کا خمیازہ یونیورسٹی بھگت رہی ہے۔ ممبر کمیٹی صداقت عباسی نے کہا کہ یونیورسٹی میں دو گروپ بنے ہوئے ہیں، ریکٹر جو کام کرتا ہے صدر معطل کر دیتا ہے۔

قائمہ کمیٹی نے قائد اعظم یونیورسٹی اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے معاملات کا جائزہ لینے کےلیے ذیلی کمیٹی قائم کردی۔

Comments are closed.