عمران مودی ملاقات دشوار ہے لیکن سیاست میں کچھ حرف آخر نہیں،مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو دنیا خود دیکھ رہی ہے
بھارتی وزیراعظم کی سوچ دراصل آر ایس ایس کا نظریہ ہے، گاندھی اورنہروکے سیکولربھارت کو مودی اور آرایس ایس دفن کرچکے ہیں
واشنگٹن(این این آئی)وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اورمودی کی ملاقات کے امکانات دکھائی نہیں دیتے البتہ سیاست میں کچھ حرف آخرنہیں ہوتا،جمہوریت کانام لیوا بھارت مقبوضہ کشمیرمیں آمریت کامظاہرہ کررہاہے، یہ سب دنیا خود دیکھ رہی ہے۔ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ سعودی عرب کادورہ اچھارہا،سعودی حکام سے مشرق وسطیٰ، تیل تنصیبات پر حملے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا اور ہم نے اْن کے تاثرات سمجھے۔اْنہوںنے کہاکہ سعودی عرب سے تعلقات میں پرانی گرمجوشی اوراعتمادبحال ہوچکاہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات جیسے آج ہیں آج سے کچھ عرصے پہلے تک ایسا نہ تھا، حکومت نے سعودی عرب کیساتھ بہترین تعلقات قائم کیے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیرسے متعلق پاکستان کامؤقف بھی عرب حکام کے سامنے رکھا۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی حکومت کومودی سوچ سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بھارتی وزیراعظم کی سوچ دراصل آر ایس ایس کا نظریہ ہے، گاندھی اورنہروکے سیکولربھارت کو مودی اور آرایس ایس دفن کرچکے ہیں، اس لیے آج ساری دنیاکہہ رہی ہے آج کابھارت ماضی کے بھارت سے مختلف ہے۔انہوںنے کہاکہ سعودی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کو امریکا روانگی کے لیے خصوصی طیارہ فراہم کیا اور کہا کہ آپ ہمارے مہمان ہیں، صرف ایک اس بات سے بھی تعلقات کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے،اقوام متحدہ کیاجلاس میں شرکت کے لیے عمران خان امریکا آئے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں صورتحال تیزی سے بگڑی اوربگڑتی جارہی ہے، 48 روز ہوگئے کرفیوجاری ہے،لوگوں کے بنیادی حقوق سلب ہیں، دنیامقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرتشویش کااظہارکرچکی اور مغربی میڈیا مسلسل آواز اٹھا رہا ہے، سیکیورٹی کونسل میں54سالوں کیبعدمسئلہ کشمیرزیربحث آیا، ہیومن رائٹس اجلاس میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کواٹھایا گیا اور حکام نے بھارتی اقدامات پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’’امریکی صدرنیثالثی کی پیشکش کی تھی ان کے شکرگزارہیں، پاکستان کوامریکی صدرکی ثالثی کی پیشکش پرکوئی اعتراض نہیں تھا مگر بھارت کو اعتراض تھا اس لیے ٹرمپ کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔ خطے کے استحکام اورانسانی حقوق کاپامال بھارت ہے، جمہوریت کانام لیوامقبوضہ کشمیرمیں آمریت کامظاہرہ کررہاہے، یہ سب دنیا خود دیکھ رہی ہے۔وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’’امریکا دورے یا اقوام متحدہ کے اجلاس میں عمران خان اور مودی کی ملاقات کا کوئی امکان نہیں البتہ سیاست میں کوئی بھی بات حتمی نہیں ہوتی‘‘
Comments are closed.