وفاق نے جہاز والے جادوگر کو فائدہ پہنچانے کے لیے گندم اور چینی کا جان بوجھ کر بحران پیدا کیا ہے،اسماعیل راہو
کراچی: سندھ حکومت نے وفاق سے بیرون ممالک گندم اور چینی برآمد کرنے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
وزیرزراعت سندھ محمد اسماعیل راہو نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت نے خود کہا ہے کہ ملک میں گندم کی قلت ہے اسے دیکھتے ہوئے وفاق پابندی لگائے، وفاق بیرون ملک چینی ایکسپورٹ پر پابندی لگائے۔
اسماعیل راہو نے کہا کہ نیازی سرکار نے 10 لاکھ ٹن چینی بیرون ممالک بھیجی جس کی وجہ سے چینی مہنگی اور بحران پیدا ہوا ہے، وفاقی حکومت نے پابندی نہ لگائی تو آئندہ سال ملک میں گندم اور چینی کا بڑا بحران پیدا ہوسکتا ہے، وفاق ایسے فیصلے کرنے سے پہلے صوبوں کو بھی اعتماد میں لے وفاق نے جہاز والے جادوگر کو فائدہ پہنچانے کے لیے گندم اور چینی کا جان بوجھ کر بحران پیدا کیا ہے۔
انھوں نے کہاکہ کراچی کے لانڈھی گودام سے مختلف بچت بازاروں میں28 ہزار 650 دس کلو آٹے کے تھیلے پہنچ چکے ہیں، دو دن میں بچت بازاروں میں 22 ہزار کے قریب آٹے کے تھیلے شہریوں نے خریدے، سندھ میں رواں سال گندم کی بوائی کا ہدف 11 لاکھ 50 ہزار ہیکٹرز رقبہ پر رکھا گیا تھاجبکہ گندم کی پیداوار کا ہدف 38 لاکھ میٹرک ٹن رکھا گیا تھا سال 2019-20 میں گندم کی بوائی 11 لاکھ 14 ہزار 830 ہیکٹرز پر کی گئی اس مقابلے میں گزشتہ سال 2018-19 میں 10 لاکھ 52 ہزار 723 ہیکٹرز پر گندم کاشت کی گئی، سندھ میں رواں سال 38 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی پیداوار متوقع ہے۔
انھوں نے کہا کہ دودن میں 100کلو کی33 ہزار گندم کی بوریاں فلور ملوں کو جاری کی گئی ہیں60 سے زائد آٹے کے تھیلوں سے بھرے ٹرک کراچی کے مختلف مقامات پر کھڑے ہیں۔
Comments are closed.