Khabardar E-News

کورونا وائرس: چینی انتظامیہ نے ووہان شہر سیل کردیا

204

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

بیجنگ: چینی حکومت نے مہلک کورونا وائرس کو روکنے کے لیے ووہان شہرکو سیل کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والی وبا کورونا وائرس سے اب تک 17 افراد جان سے جاچکے ہیں جس کے بعد انتظامیہ نے وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں جس کے تحت ووہان شہر کو سیل کردیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے شہر سے باہر جانے والی پروازیں، اندرون شہر چلنے والی ٹرینیں اور بسوں سمیت کشتیوں کی سروس بھی معطل کردی ہے جب کہ شہریوں کو ووہان شہر سے باہر نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ووہان شہر کی آبادی تقریباً 11 ملین ہے اور انتظامیہ کے فیصلے سے شہر میں غذائی اجناس کی قلت بھی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کا بتاناہےکہ کورونا وائرس کے سمندر پار بھی 500 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

چین کے قومی ہیلتھ کمیشن نے وائرس سے ہلاک ہونے والے 17 افراد کی تفصیلات جاری کردی ہیں جس کے مطابق وائرس سے ہلاک ہونے والوں میں سب سے کم عمر شخص 48 سال اور سب سے زیادہ عمر کا 89 سال کا تھا۔

حکام کے مطابق ہانگ کانگ میں بھی کورونا وائرس کے پہلے 2 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں جب کہ اس سے قبل امریکا میں بھی پہلا کیس کی تصدیق ہوئی۔

کورونا وائرس کیا ہے؟

وسطی چینی شہر ووہان کورونا وائرس پھیلنے کا مرکز ہے، اس وائرس کا تعلق ’سارس‘ سے ہے جو کہ سانس کی خطرناک بیماری کا باعث بنتا ہے۔

ووہان انتظامیہ کا کہنا ہےکہ اس وباء کے پھیلاؤ کا مرکز یہاں کی آبی حیات کی فوڈ مارکیٹ ہے جسے یکم جنوری کو بند کردیا گیا تھا۔

Comments are closed.