بلوچستان متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، گڈانی میں 1320میگاواٹ بجلی کا پیداواری منصوبہ اہم پیشرفت ہے،بلوچستان کی ترقی وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے
مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف، کامیاب خارجہ اور معاشی پالیسی اور درست فیصلوں سے آئندہ چند برسوں میں پاکستان بحرانوں سے نکل آئے گا،توانائی کے شعبے پربھرپور توجہ دی جارہی ہے ،تقریب سے خطاب
گڈانی(نمائندہ خصوصی )وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، گڈانی میں 1320میگاواٹ بجلی کا پیداواری منصوبہ اہم پیشرفت ہے، چینی سرمایہ کار ماہی گیری، زراعت، معدنیات اور بلوچستان کے دیگر شعبوں میں بھی منافع بخش سرمایہ کاری کریں، سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے لسبیلہ میں اکنامک زون کا قیام عمل میں لایا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڈانی میں 1320میگاواٹ پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان تھے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ چائنا پاور حب جنریشن کمپنی لمیٹڈ کا یہ منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ترجیحی منصوبوں میں شامل ہے اور سی پیک میں فلیگ شپ منصوبے کی حیثیت رکھتا ہے جو پاکستان کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پورا کرنے میں موثر کردار ادا کرے گا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک کے ترجیحی منصوبوں میں بلوچستان کے صرف دو منصوبے شامل تھے جن میں سے ایک کا افتتاح ہورہا ہے، بدقسمتی سے سی پیک کے آغاز میں بلوچستان کو وہ اہمیت نہ مل سکی جس کا وہ مستحق تھا تاہم ہمیں یہ یقین ہے کہ وزیراعظم اس کمی کو پورا کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار اداکریں گے کیونکہ بلوچستان کی ترقی وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اور اقتصادی استحکام کے لئے وزیراعظم کا وژن، پالیسیاں اور اقدامات کسی سے ڈھکے چھے نہیں، وزیراعظم نے ملک کو ورثہ میں ملنے والے معاشی اور اقتصادی چیلنجز کا جرا¿ت اور کامیابی سے مقابلہ کرتے ہوئے پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے، غربت کے خاتمے، ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے، ماحولیاتی مسائل کے حل، بدعنوانی کے تدارک، مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف، کامیاب خارجہ اور معاشی پالیسی اور درست فیصلوں سے آئندہ چند برسوں میں پاکستان بحرانوں سے نکل آئے گا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان ملک کے معاشی اور اقتصادی استحکام کے لئے بھرپور کردار کا حامل صوبہ ہے اور ہم بلوچستان کے وسائل کو صوبے اور ملک کی ترقی کے لئے بروئے کار لانے کے لئے پرعزم ہیں، خاص طور سے شمسی اور دیگر متبادل ذرائع کوبروئے کارلاکر ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان آئندہ چند برسوں میں سرمایہ کاری کا مرکز بننے جارہا ہے، جہاں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوگی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان بھی توانائی کے شعبے کی ترقی کی جانب خصوصی توجہ دے رہی ہے، رواں مالی سال کے بجٹ میں متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں کے لئے 1220ملین روپے جبکہ دیہاتوں کو بجلی کی فراہمی کے منصوبوں کے لئے 4226ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، صوبائی حکومت نے اسکولوں، زرعی اور آبپاشی کے ٹیوب ویلوں اور اسٹریٹ لائٹس کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبوں کا آغاز کیا ہے جن کی تکمیل سے ہماری توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی اور صوبہ سماجی اور معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے گا۔ تقریب میں وفاقی اور صوبائی وزرائ، چینی سفیر اور دیگر حکام بھی موجود تھے
Comments are closed.