لاہور : پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔
لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف دیا ہے جو اس نے 16.1 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
ملتان کے لیگ اسپنر عمران طاہر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
لاہور کی اننگز
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور کرس لین نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 59 رنز جوڑے تاہم کرس لین 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کرس لین کے آؤٹ ہونے کے بعد پھر کوئی بڑی شراکت نہ بن سکی اور یکے بعد دیگرے کھلاڑی پویلین لوٹتے رہے، کپتان سہیل اختر کی جانب سے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی گئی تاہم قلندرز بڑا ہدف دینے میں ناکام رہے۔
لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے، کرس لین 39 اور سہیل اختر 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ملتان کے معین علی، عمران طاہر اور محمد الیاس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان کی اننگز
ملتان کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان شان مسعود اور جیمز ونس نے کیا۔ تاہم 24 کے مجموعی اسکور پر جیمز ونس 18 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔
اس کے بعد معین علی 11، شان مسعود 38 اور ذیشان اشرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ رلی روسو 32 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
شاہد آفریدی 12 گیندوں پر 21 اور خوشدل شاہ 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور ملتان سلطانز نے 139 رنز کا ہدف 16.1 اوورز میں با آسانی حاصل کرلیا۔
لاہور کی جانب سے شاہین آفریدی، حارث رؤف اور ڈیوڈ ویسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل رواں ایونٹ میں کھیلے گئے دو میچز میں کوئٹہ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جبکہ کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو شکست دی۔
Comments are closed.