کراچی: صوبائی محکمہ اسکول ایجوکیشن نے سندھ کے طلباکو موبائل کمپیوٹنگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے اس جدید دورمیں کمپیوٹر کا 25 برس پرانااورمتروک نصاب پڑھانے کی ٹھان رکھی ہے۔
سندھ میں میٹرک کی سطح پراسکیم آف اسٹڈیز کی تبدیلی کے بعد سائنس کے تمام مضامین کی درسی کتب نویں اوردسویں دونوں کلاسز میں پڑھانے کے فیصلے کے بعد جونئی اسکیم آف اسٹڈیز جاری کی گئی ہے۔ اس میں بھی نئے نصاب کے بجائے نویں اوردسویں جماعتوں میں کمپیوٹرسائنس کی پرانی کتاب کے اسباق ہی تقسیم کردیے گئے ہیں جس سے ظاہر ہوتاہے کہ ایک بار پھر سندھ کے طلبہ طالبات ممکنہ طور پر 2020/21 کے تعلیمی سیشن میں بھی 25برس پرانے نصاب میں سے نویں اوردسویں کی سطح پر ونڈوزآپریٹنگ سسٹم Windows operating system،DOS اور لینگویج میں GW Basicکوجدیدکمپیوٹرلینگویج کے طور پر ہی پڑھیں گے۔
اس بات کاانکشاف ثانوی تعلیمی بورڈکراچی(بورڈآف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی)کی جانب سے محکمہ اسکول ایجوکیشن کولکھے گئے ایک خط میں کیا گیا ہے، چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹرسعید الدین نے اپنی جانب سے سابق سیکریٹری اسکول ایجوکیشن احسان منگی کولکھے گئے خط میں نشاندہی کی ہے کہ صوبائی محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے 9 دسمبر 2019 کو کمپیوٹر سائنس کے نصاب کے حوالے سے جاری خط میں کہاگیاہے جس میں کہاگیاہے کہ نئی اسکیم آف اسٹڈیز کے مطابق نویں جماعت میں کمپیوٹرسائنس کے مضمون میں اس کتاب کے7اسباق (Unit) اوردسویں جماعت میں 3 اسباق پرانے سلیبس Syllabus ہی سے پڑھائے جائیں گے۔
میٹرک بورڈ کراچی کی جانب سے لکھے اس خط میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کے سیکریٹری سے سفارش کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے محکمہ کوہدایت جاری کریں کہ محکمے کی جانب سے کمپیوٹرسائنس کا متروک مواد طلبا کوپڑھانے کی تیاری کیوں کی جارہی ہے جبکہ اس مضمون کی نئی ’’کورس آف اسٹڈیز‘‘تیارکرکے ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق سلیبس کے نئے ڈرافٹ میں نویں جماعت کیلیے 7اسباق (یونٹ) اور دسویں کیلیے بھی علیحدہ7اسباق بمعہ تجرباتی سرگرمیوں (Lab activities)دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ صوبائی محکمہ اسکول ایجوکیشن نے نئی اسکیم آف اسٹڈیز جاری کیے جانے کے بعد سندھ میں نویں اوردسویں جماعت کے طلبا وطالبات کے لیے ایک بار پھر کمپیوٹر سائنس کی جس کتاب اوراس کے اسباق کاانتخاب کیا ہے اس کتاب کے سبق (chapter )نمبر4میں اسٹوریج ڈیوائسز میں سیکنڈری ڈیٹااسٹوریج کے طورپر ’’میگنیٹک اسٹوریج ڈیوائسز‘‘میں ’’فلوپی ڈسک، ہارڈ ڈسک، سی ڈی اورسی ڈی روم،میگنیٹک ٹیپ‘‘ (کیسٹ) کاتذکرہ کیاگیاہے۔
اسٹوریج ڈیوائسز کے ان موضوعات کواس جدید دورمیں بھی موجودہ اسٹوریج ڈیوائسز کے طوپرشامل کیاگیاہے جب بازارمیں نہ تو آڈیو وڈیوکیسٹس موجودہیں اورنہ ہی فلوپی ڈرائیواب کمپیوٹر کا حصہ رہی ہے جبکہ نئے لیپ ٹاپ میں سی ڈی ڈرائیوبھی آنابند ہوچکی ہے،نصاب کے چیپٹر8میں آپریٹنگ سسٹم کے طورپراس اپلی کیشن کاتذکرہ ہے جو طلبہ لیب میں استعمال ہی نہیں کرتے جس میں system Introduction to windows operating کے عنوان سے جدید ونڈوز میں ونڈوز ایکس پی، ونڈوز 2000، ونڈوز 98 پرتبصرہ کیاگیاہے جبکہ طلبہ اپنے پرسنل کمپیوٹرمیں ونڈوز 2007 ,2008 اور 2010 استعمال کررہے ہیں جبکہ لینگویجز میں C،C++اورJavaکے علاوہ دیگرجدید لینگویجز پڑھائی اور استعمال کی جارہی ہیں۔
جب ’’ایکسپریس‘‘ نے صوبائی محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ذیلی ادارے ’’ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اسسمنٹ اینڈ ریسرچ سندھ‘‘ (ڈی سی اے آرایس)کے ذرائع سے جب کمپیوٹرسائنس کے نئے کریکولم کے حوالے سے دریافت کیاجس کاتذکرہ چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی پروفیسرڈاکٹرسعید الدین کی جانب سے لکھے گئے خط میں بھی کیاگیاہے جس پر’’ڈی سی اے آر ایس‘‘کے ذرائع کاکہناتھاکہ مذکورہ نصاب قومی نصاب 2009اور قومی نصاب 2016کے تحت تیار کیا گیا ہے نیشنل کریکولم 2009کے تحت نویں جماعت کیلیے تیار کیے گئے کمپیوٹرسائنس کے نصاب میں کمپیوٹر سیکیورٹی اینڈ ایتھکس،کمپیوٹرنیٹ ورک، ڈیٹا کمیونیکیشن، آفس آٹومیشن، فنڈامینٹلز آف آپریٹنگ سسٹم، FUNDAMENTALS OF OPERATING SYSTEM، فنڈامینٹلز آف کمپیوٹر FUNDAMENTALS OF COMPUTER اوران موضوعات کے ذیل میں (کمپیوٹر کا تعارف، کمپیوٹر کا کردار، کمپیوٹر ہارڈویئر) سمیت دیگردرجنوں موضوعات شامل کیے گئے ہیں۔
اسی طرح دسویں جماعت کے نصاب میں ’’PROGRAMMING TECHNIQUES، پروگرامنگ ان سی PROGRAMMING IN C، ان پٹ آ?ٹ پٹ ہینڈلنگINPUT / OUTPUT HANDLING، کنٹرول اسٹرکچر، LOOP STRUCTURE کے ساتھ ساتھ COMPUTER LOGIC AND GATES اورWORLD WIDE WEB AND HTML کے اسباق شامل کیے گئے ہیں جبکہ ان کے ذیل میں درجنوں موضوعات کے ساتھ ساتھ ’’الگورتھم Algorithm، انڈراسٹینڈنگ ٹوپرابلم، • C/ C++، • Visual Basic،• C# اور Java ‘‘ کے عنوانات رکھے گئے ہیں۔
Comments are closed.