Khabardar E-News

صوبے میں شرح خواندگی میں اضافے کیلئے مہم چلائی جارہی ہے‘ سرداررند

113

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کوئٹہ +اسلام آباد :صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ صوبے میں تعلیمی ترقی کیلئے اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسیف کے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ادارے کے صوبے کے بچوں اور بچیوں کی تعلیم اور صحت کے شعبوں میں خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلئے  مربوط حکمت عملی بنائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں شرح خواندگی میں اضافے کیلیے بھرپور انداز میں مہم چلائی جارہی ہے۔ کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ رہے۔ مطلوبہ اہداف کے حصول کیلیے تمام ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے پاکستان میں تعلیم کیلیے سربراہ Ellen Kalmthout ایلن کلمٹوٹ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں صوبائی سیکرٹری برائے ثانوی تعلیم غلام علی بلوچ، صوبائی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ہاشم غلزئی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے یونیسف کے سربراہ برائے تعلیم پاکستان کو بلوچستان میں تعلیم سے متعلق مسائل اور بہتری کے لئیے حکومتی اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر یونیسف کی کنٹری ہیڈ برائے تعلیم ایلن کلمٹوٹ نے صوبائی وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند کی تعلیم سے متعلق پالیسی کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ایلن کلٹموٹ نے کہا کہ یونیسیف بلوچستان میں تعلیم کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ بچوں اور بچیوں کو تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی سمیت کمرہ جماعت میں دوستانہ ماحول اور معیاری تعلیم ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں سکولوں کے قیام اور غیر فعال سکولوں کو دوبارہ فعال کرنے کیلیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ صوبے کے تعلیمی اداروں کو سہولیات کی فراہمی اور فنڈز کے درست استعمال کیلئے مرتب کردہ ورک پلان پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Comments are closed.