کراچی: پی سی بی نے پی ایس ایل کو کرپشن سے پاک رکھنے کیلیے بھرپور اقدامات کر لیے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بورڈ کے سربراہ احسان مانی نے کہا کہ افسوس ہے کہ ماضی میں لیگ کے دوران فکسنگ کے ناخوشگوار واقعات پیش آئے جس سے اسے نقصان بھی پہنچا لیکن بورڈ کے سخت اقدامات کی وجہ سے معاملات کو بہتر کرلیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ حالیہ ایونٹ میں میچ فکسنگ جیسے واقعات کوروکنے کیلیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں،اس ضمن میں تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو آئی سی سی کے قواعد وضوابط سے آگاہی دی گئی، ذمہ دار بہت چوکس ہیں تاہم فکسنگ کو مکمل طور پر روکنا کسی کے بس کی بات نہیں۔
دوسری جانب کراچی میں موجود پی ایس ایل 5کی شریک چار ٹیموں کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کیلیے پی سی بی کے تحت اینٹی کرپشن اینڈ ڈوپنگ سیشنز منعقد ہوئے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اورکراچی کنگز کیلیے منعقدہ ان سیشنز میں کرپشن کے نقصانات کے حوالے سے مفصل لیکچرزدیے گئے، شرکا کوقواعد کی خلاف ورزی پر سزا سے بھی آگاہ کیا گیا، ان کو منفی سرگرمیوں والے مشکوک افراد سے دور رہنے اور شک کی صورت میں متعلقہ حکام کو اطلاع دینے کی ہدایت دی گئی۔
Comments are closed.