کوئٹہ :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بلوچستان امن کی دھرتی ہے یہاں کے لوگ محب وطن ہیں۔ سبی ایک تاریخی شہر ہے مجھے فخر ہے کہ میں آج بحیثیت صدر پاکستان سبی تاریخی میلے کا افتتاح کررہا ہوں یہ وہ تاریخی میلہ ہے جس کے تقریبات میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح بھی شرکت کیا کرتے تھے۔ یہ بات صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سبی کے تاریخی میلہ 2020ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور ساحل بھی ہے یہاں کاروبار کے مواقع بھی سب سے زیادہ ہیں جنہیں بروئے کار لانے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ماضی کی غلطیوں کو دور کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈو رسے پاکستان ترقی کرے گا اور اس کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو پہنچے گا۔ یہاں پر اکنامک زون بنے گا۔ گوادر دنیا کے نقشے پر ایک نیا ترقی یافتہ خطہ بن کر ابھرے گا۔ گوادر میں سی پورٹ، ایئرپورٹ ، آئل ریفائنری ، اہم شاہراہیں جدید دور کے ہسپتال بننے سے یہاں کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ غربت کا خاتمہ ہوگا ، لوگ خوشحال ہونگے۔ صدرمملکت نے کہا کہ بلوچستان دہشت گردی کے واقعات سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ یہاں کے لوگوں نے بڑی قربانی دی ہے لوگوں کے گھر اجڑ گئے ہیں اب وہ وقت نہیں دہشت گردوں کے مذموم مقاصد ناکام بنادیا گیا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے جان کے نذرانے پیش کرکے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا۔ یہاں جتنی دہشت گردی ہوئی ہے اس کی میں پرزور مذمت کرتا ہوں۔ دہشت گردی کے چند ایسے واقعات سے پاکستانی عوام کے عزائم کمزور نہیں ہوئے ہیں۔ دہشت گردی آخری سانسیں لے رہی ہے اور اپنی عبرت کو پہنچ رہی ہے۔ اس موقع پر صدرمملکت نے گزشتہ دنوں کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور شہداء اور ان کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ محکمہ لائیواسٹاک اور زراعت کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے ان دو شعبوں کی فعالیت سے غربت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ لائیواسٹاک کا شعبہ سنت نبوی بھی ہے۔ وفاقی حکومت ان شعبوں میں صوبائی حکومت کی ہرممکن معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں طویل ساحلی پٹی ہونے کے باعث ماہی گیری کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع تر امکانات موجود ہیں جس سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ صدرمملکت نے کہا کہ پچھلے سالوں میں بلوچستان میں پانی کا بہت مسئلہ درپیش تھا لیکن اللہ کی فضل سے اس سال ملک بھر سمیت بلوچستان میں بارشیں ہوئی ہیں یہاں پانی کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوا تاہم اب بھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے چھوٹے بڑے ڈیموں کی تعمیر کی ضرورت ہے اس سلسلے میں حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ مستقبل میں پانی کے مسائل نہ ہوں۔ صدرمملکت نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی درخواست پر جعفرآباد سبی تا کوئٹہ دو رویہ روڈ کی تعمیر کے منصوبے کو وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
Comments are closed.