سبی :صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ سبی قومی شاہراہ کو دو رویہ بنایاجائے، قومی شاہراہ پر آئے روزحادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں جن کی روک تھام کے لئے صوبے میں قومی شاہراو ں کو دو رویہ بنانا ناگزیر ہوچکاہے۔ یہ مطالبہ انہوں نے سبی میلے کی افتتاحی تقریب سے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو حکومت بلوچستا ن کی طرف سے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کیا۔سبی میلے کی افتتاحی تقریب میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان، صوبائی وزرائ، اراکین اسمبلی اور صوبے اور ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی وزیرزمرک خان اچکزئی نے صدر پاکستان کو سبی میلے میں شرکت پر خوش آمدید کہتے ہو کہا کہ بلوچستان ملک کا بڑا صوبہ ہونے کے باوجود دو رویہ شاہراو ں سے محروم ہے جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر حادثات پیش آرہے ہیں، انہوں نے صدر پاکستان سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ سبی شاہراہ کو وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کر کے اس کا فوری فزیبلٹی رپورٹ تیار کیا جائے اور اس پر جلد کام کا آغاز کیا جائے،صوبائی وزیر نے کہا کہ سبی میلہ اپنی نوعیت کا انتہائی اہم اور منفرد میلہ ہے جس میں ملک بھر سے لوگ شرکت کرتے ہیں اوراس سے قومی یکجہتی کا احساس مزید مضبوط ہوجاتا ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سبی سمیت صوبے کی تمام اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ صدر پاکستان نے اپنے خطاب میں کوئٹہ سبی شاہراہ کو دو رویہ بنانے کا اعلان کیا جبکہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی کے موقف کا مکمل تائید کیا۔
Comments are closed.