کوئٹہ :چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر نے کہا ہے کہ سبی میلہ مویشیاں و آ سپاں ایک روائتی اور تاریخی میلہ ہے اور یہ روائتی میلہ چاکراعظم سے بھی منسوب ہے جو کہ صدیوں سے چلی آرہی ہے اس کے نزدیک ہی دنیا میں انسانی تہذیبوں کی ماں کہلانے والی تہذیب مہرگڑھ کے سات ہزار سال قبل مسیح پرانے آثار قدیمہ ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی میلہ مویشیاں و آسپاں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے تاریخی میلے کا افتتاح کیا۔ تقریب میں گورنر بلوچستان امان اللہ خان یسین زئی، وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان، صوبائی وزرا ء ،کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ چیف سیکریٹری بلوچستان نے کہا کہ سبی میلے میں دوردراز علاقوں سے مالدار اور خریدار اکھٹے ہوتے ہیں اور مال مویشیوں کی خریدوفروخت ہوتی ہے جس سے صوبے کیساتھ ساتھ قومی معیشت پر بھی اس کے گہرے اثرات پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت اور روزگار کا بہت بڑا زریعہ زراعت اور مال مویشی ہے جس کیلیے صوبائی حکومت نے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کیا ہے جس میں ٹنل فارمنگ،گرین ٹریکٹر پروگرام،تالاب ونالیاں، مال مویشیوں کا فروغ سمیت کئی منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے حال ہی میں لائیو سٹاک ایکسپو اور سیاحت کے فروغ کے سیمینار کا کامیاب انعقاد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھی کینال کا منصوبہ بھی صوبے کی زرعی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی اسکی تکمیل سے سات لاکھ ایکڑ زمین سیراب ھوگی جس سے نہ صرف اس خطے میں خوشحالی آئیگی بلکہ پورے پاکستان کیلئے زرعی اجناس میسر آئیں گی اور کثیر زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔آخر میں انہوں نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میلے کو کامیاب کرنے کیلئے قیمتی وقت دیا۔
Comments are closed.