پاکستان کی معاشی واقتصادی ترقی میں بلوچستان کا کردار اہمیت کا حامل ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ہم بلوچستان میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ پاکستان کی تعمیر وترقی میں بلوچستان کا کردار کلیدی ہے
بلوچستان کی پہلی لائیواسٹاک ایکسپو 2019کے انعقاد سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور بلوچستان کا مثبت عکس قومی وعالمی منظرنامے پر اجاگر ہوگا،ایکسپوکی افتتاحی تقریب سے خطاب
کوئٹہ(آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی واقتصادی ترقی میں بلوچستان کا کردار اہمیت کا حامل ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ہم بلوچستان میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ پاکستان کی تعمیر وترقی میں بلوچستان کا کردار کلیدی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کی پہلی لائیو اسٹاک ایکسپو 2019 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تھے جبکہ گورنر بلوچستان امان اللہ خان یسین زئی، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف، مختلف کمپنیوں کے سی ای اوز اور سفارتکاروں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی، وزیراعلی نے کہاکہ بلوچستان کی پہلی لائیواسٹاک ایکسپو 2019کے انعقاد سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور بلوچستان کا مثبت عکس قومی وعالمی منظرنامے پر اجاگر ہوگا جبکہ مجموعی طور پر بلوچستان کے معاشی واقتصادی اعشاریئے بہتری کی جانب جائیں گے، وزیراعلی نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں حلال گوشت کی بڑھتی ہوئے طلب کو پورا کرنے کے لئے لائیواسٹاک کے شعبے میں بہتری ناگزیر ہے، حلال فوڈ انڈسٹری، جدید فارمنگ، پروسیسنگ اور پیکنگ سے ان مصنوعات کو برآمد کرنے سے صوبے کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور مجموعی طور پر پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بھی بڑھیں گے، وزیراعلی نے کہا کہ لائیو اسٹاک کے شعبے کو بدقسمتی سے کبھی انڈسٹری کی نگاہ سے نہیں دیکھا گیا لیکن صوبائی حکومت نے لائیو اسٹاک ایکسپو کے انعقاد سے اہم پیشرفت کی ہے، بلوچستان کی مجموعی آبادی کا ایک بڑا حصہ اس شعبے سے وابستہ ہے اور یہ بات باعث مسرت ہے کہ ہم ایک ایسے شعبے میں کام کرر ہے ہیں جس کا براہ راست تعلق بلوچستان کے عام آدمی سے ہے، وزیراعلی نے کہا کہ ایسے ایونٹ کے انعقاد سے سرمایہ کاری کی فضا کو فروغ ملتا ہے اور عالمی مارکیٹ میں نامیاتی گوشت کی بڑھتی ہوئے طلب کو پورا کرنے سے خاطرخواہ آمدنی کے حصول سے متعلق آگہی اجاگر ہوتی ہے، اس صوبے کو پاکستان کی ترقی کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے جس کی وجہ اس کے قدرتی وسائل ہیں جس کو بروئے کار لانا وقت کا تقاضہ ہے، وزیراعلی نے سول وعسکری اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی بحالی اور سرمایہ کاری کی فضا کو قائم کرنے میں ان کی قابل قدر اور گرانقدر خدمات ہیں جس کی بدولت آج صوبے کی پہلی لائیو اسٹاک ایکسپو کا انعقاد ممکن ہوا ہے کیونکہ قومیں اس وقت آگے بڑھتی ہیں جب ان میں قربانی کا جذبہ ہو، بلوچستان میں امن وامان کی فضا اب ماضی سے بہت بہتر ہے، سرمایہ کار اور ملٹی نیشنل کمپنیاں بلوچستان کی جانب راغب ہورہی ہیں،وزیراعلی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت مجموعی طور پر گورننس کو بہتر بنارہی ہے جس سے کاروبار کے لئے مناسب ماحول میسر ہونے کے ساتھ ساتھ متعلقہ تمام امور کو منظم انداز میں چلایا جاسکے گا، محکموں کی استعداد کار میں اضافے کے لئے اصلاحات اور پالیسیز لائی جارہی ہیں تاکہ خاطر خواہ نتائج کا حصول ممکن ہوسکے، وزیراعلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیاحت، زراعت اور معدنیات سمیت ددیگر شعبوں کی ترقی وترویج کے لئے بھی ایکسپوز کاانعقاد کیا جائے گا، بعدازاں تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، گورنر بلوچستان امان اللہ یسین زئی اور وزیراعلی بلوچستان نے بلوچستان کی پہلی لائیواسٹاک ایکسپو 2019کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے ایکسپو میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا جس کے بعد صدر مملکت کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علومی کو سووینیئر پیش کیا
Comments are closed.