Khabardar E-News

پی ایس ایل سیزن فائیو، کرکٹ میچوں کیلیے خصوصی ٹریفک پلان جاری

76

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کراچی:  ٹریفک پولیس نے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے کھیلے جانے والے 9 میچوں کے حوالے سے خصوصی ٹریفک پلان کو حتمی شکل دیدی۔

ترجمان ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق ٹریفک پولیس نے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل سیزن فائیو کے میچز جو رواں ماہ 20 ، 21 ، 22 اور 23 فروری جبکہ اگلے ماہ 12 ، 13 ، 14، 15 اور 17 مارچ کو کھیلے جائیں گے اس حوالے سے شائقین کرکٹ کے لیے مرتب کیے جانے والے خصوصی پلان کو حتمی شکل دیدی ہے ،ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ عام شہری ان راستوں کو استعمال کرتے ہوئے اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔

ترجمان کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین جن کے پاس میچ کے ٹکٹ ہوںگے ان کے لیے پارکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں تاہم پارکنگ ایریا میں آنے والے شائقین کرکٹ کو اپنے ہمراہ اصل شناختی کارڈ اور میچ کا ٹکٹ دکھانا لازمی ہوگا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پارکنگ کے مقامات میں وفاقی اردو یونیورسٹی گراؤنڈ جہاں ضلع وسطی (سینٹرل) اور غربی (ویسٹ) کے رہائشی براستہ نیپا اور لیاقت آباد 10 نمبر ، حسن اسکوائر سے بائیں جانب یونیورسٹی روڈ پر اس مقام پر اپنی گاڑی و موٹر سائیکل پارک کرینگے اور وہاں سے بذریعہ شٹل بس انھیں ایکسپو سینٹرکے پاس لیجایا جائیگا۔

اسی طرح سے ضلع ملیر اور شرقی (ایسٹ) کے رہائشی براستہ صفورا ، نیپا اور سہراب گوٹھ ، گلشن چورنگی سے بائیں جانب اے جی سندھ یوٹرن ، نیپا سے یونیورسٹی روڈ وفاقی اردو یونیوسٹی گراؤنڈ پر اپنی گاڑی و موٹر سائیکل پارک کریںگے اور وہاں بذریعہ شٹل بس انھیں ایکسپو سینٹر کے پاس لیجایا جائیگا ، غریب نواز فٹبال گراؤنڈ نزد ملینیم مال پارکنگ ایریا میں ضلع شرقی (ایسٹ) اور ملیر کے رہائشی براستہ ڈرگ روڈ اور راشد منہاس روڈ ، ملینیم مال سے بائیں جانب اسٹیڈیم روڈ (جانب ڈالمیا) پر مذکورہ گراؤنڈ میں اپنی گاڑی اور موٹر سائیکل پارک کریںگے جس کے بعد انھیں بذریعہ شٹل بس بحریہ یونیورسٹی اسٹیڈیم روڈ لے جایا جائے گا۔

ایکسپو سینٹر یونیورسٹی روڈ پر بنائے گئے پارکنگ ایریا کے لیے ضلع جنوبی (ساؤتھ) ، سٹی اور کورنگی کے رہائشی براستہ شارع فیصل ، شارع قائدین ، اللہ والی چورنگی ، سوسائٹی سگنل سے پی پی چورنگی اور یونیورسٹی روڈ حسن اسکوائر سے بیت المکرم مسجد کے سامنے یوٹرن لیکر ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 1 سے ایکسپو گراؤنڈ میں اپنی گاڑی اور موٹر سائیکل پارک کریںگے جس کے بعد وہ سرچنگ کے عمل سے گزر کر ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 2 سے اسٹیڈیم جا سکیں گے جبکہ ضلع وسطی (سینٹرل) اور غربی (ویسٹ) کے رہائشی براستہ ناظم آباد ، لیاقت آباد 10 نمبر سے ہوتے ہوئے حسن اسکوائر سے بائیں جانب یونیورسٹی روڈ پر آئیں گے اور بیت المکرم مسجد کے سامنے یوٹرن لیکر ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 1 سے ایکسپو گراؤنڈ میں اپنی گاڑی و موٹر سائیکل پارک کریں جہاں وہ سرچنگ کے بعد ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر 2 سے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم جا سکیں گے۔

ترجمان کے مطابق رعنا لیاقت علی خان گرلز کالج بالمقابل آغا خان اسپتال (اسٹیڈیم روڈ) پر بنائے جانے والے پارکنگ ایریا کے لیے ٹاور، صدر، کلفٹن اور ڈیفنس کے رہائشی نیو ایم اے جناح روڈ ، یونیورسٹی روڈ ، نیو ٹاؤن یوٹرن سے اسٹیڈیم روڈ اور اسی طرح سے شارع فیصل ،شارع قائدین ، پی پی چورنگی نیو ایم اے جناح روڈ ، یونیورسٹی روڈ ، نیو ٹاؤن یوٹرن سے اسٹیڈیم روڈ سے گزرتے ہوئے رعنا لیاقت علی خان گرلز کالج کے گراؤنڈ میں اپنی گاڑی اور موٹر سائیکل پارک کر سکیں گے ، ترجمان کے مطابق کرکٹ میچ کے دوران کچھ سڑکوں کو بند کیا گیا ہے جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں کا بھی اہتمام کیا گیا جس کے مطابق کارساز شارع فیصل سے براستہ حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ جانب سر شاہ سلیمان روڈ جانب اسٹیڈیم عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

تاہم کارساز ، ڈرگ روڈ شارع فیصل سے بائیں جانب راشد منہاس روڈ ، ملینیم سے نیپا اور اسی طرح ایئر پورٹ سے آنے والے حضرات ڈرگ روڈ سے دائیں جانب راشد منہاس روڈ ، ملینیم اور گلشن نیپا کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں اسی طرح سے ملینیم مال راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم براستہ ڈالمیا روڈ عام پبلک کو جانے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی تاہم نیپا ، عسکری فور، ڈرگ روڈ سے شارع فیصل یا ملینیم مال ، نیپا سے صفورا یا گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں ، ترجمان کے مطابق حسن اسکوائر فلائی اوور لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی تمام ٹریفک یونیورسٹی کا راستہ اختیار کر اپنی منزل کی جانب جا سکیں گی۔

نیو ٹاؤن یونیورسٹی روڈ سے نیو ٹاؤن ٹرننگ اسٹیڈیم روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی لہذا شہری جیل چورنگی سے شہید ملت یا پی پی چورنگی کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں اسی طرح سے آغا خان اسپتال اور لیاقت نیشنل اسپتال اور اطراف کے رہائشی والے حضرات نیو ٹاؤن تھانہ کی طرف سے آئیںگے جہاں پر ٹریفک پولیس کا عملہ ان کی مکمل رہنمائی اور تعاون کے لیے موجود ہوگا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جو روڈ بند کیے ہیں اس کے اطراف کے رہائشیوں کو اپنا قومی شناختی کارڈ دکھانے کے بعد ا?گے جانے کی اجازت ہوگی جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے یونیورسٹی روڈ ، شہید ملت روڈ اور راشد منہاس روڈ ٹریفک کے لیے کھلے رہیں گے۔

ترجمان کے مطابق ہیوی ٹریفک سہراب گوٹھ سے جانب نیپا ، لیاقت آباد 10 نمبر سے جانب حسن اسکوائر ، پی پی چورنگی سے جانب یونیورسٹی روڈ ، کارساز سے اسٹیڈیم ، ملینیم تا نیو ٹاؤن ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے لیے ممنوع ہوگا ، ترجمان نے عوام الناس سے گزارش کی ہے کہ وہ زحمت و پریشانی سے بچنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں اور دی گئی ہدایات پر عمل کریں ، اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو کسی بھی سروس روڈ یا مین روڈ پر پارک کرنے سے گریز کریں بلکہ جن پارکنگ ایریازی کی نشاندہی کی گئی ہے وہیں پر گاڑیوں کو پارک کریں

Comments are closed.