اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمد ضروری ہے۔
اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی اور بنیادی حقوق کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان اوربھارت لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) اور ورکنگ باؤنڈری پر تحمل کا مظاہرہ کریں، بھارت اقوام متحدہ کے ساتھ سیزفائر کے معاہدے کو یقینی بنائے۔
ان کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں میں امن کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
افغان مہاجرین کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستانی افغان مہاجرین کے لیےکھلے دل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، پاکستان اب مہاجرین کو بسانے والا دوسرا بڑا ملک ہے جب کہ دہائیوں تک یہ پہلا ملک رہا ہے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ امن مشنز میں پاکستان کے بھرپور کردار کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامو فوبیا کے بڑھتے واقعات ناقابل قبول ہیں، مذہبی ہم آہنگی کے لیے برداشت اور ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔
‘انتونیو گوتریس کی افغان مہاجرین کیلئے کاوشیں قابل ستائش ہیں’
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انتونیو گوتریس کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے افغان مہاجرین کے لیے ان کی کاوشوں کو قابل ستائش قرار دیا۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کےساتھ کئی اہم ایشوز پر بات ہوئی ہے، پاکستان نے امن مشنز میں اپنےکردار کے عزم کو دہرایا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی شدید پامالیوں کا مرتکب ہوا ہے، بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بھی بالائے طاق رکھ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں کثیر آبادی پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتی ہے، انتونیو گوتریس سے بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدام کے بعد کی صورتحال پر بات ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت میں اقلیتوں سے سلوک کو دیکھ رہا ہے، بھارت میں اقلیتوں سے امتیازی سلوک جاری ہے، 25 افراد بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں قتل ہوچکےہیں، پاکستان دنیا کوبتارہا ہے کہ بھارت میں حکمران مائنڈ سیٹ کیا کررہا ہے۔
قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کی دفترخارجہ آمد پر خیر مقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت اہم علاقائی و عالمی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے افغان مہاجرین سے ملاقات کی۔
Comments are closed.