وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دیرینہ ساتھی اور معاون خصوصی نعیم الحق کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے نعیم الحق کے ساتھ اپنی یادگار تصویر شیئر کی اور کہا کہ انہیں اپنے دیرینہ دوست نعیم الحق کے انتقال پر دھچکا لگا ہے، وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے 10 بانی ارکان میں سے ایک اور سب سے وفادار تھے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی 23 سالہ جدو جہد میں نعیم الحق ہر مشکل میں میرے ساتھ کھڑے رہے اور ہر طرح پارٹی کی مدد کی۔
ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ 2 سالوں میں نعیم الحق نے ہمت اور بہادری کے ساتھ کینسر کا مقابلہ کیا۔
عمران خان کے مطابق نعیم الحق آخری وقت تک پارٹی معاملات میں شامل رہے اور جب تک ممکن تھا کابینہ کے اجلاسوں میں بھی شریک ہوتے رہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نعیم الحق کا خلا کبھی پُر نہیں ہوسکے گا۔
علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے بھی نعیم الحق کی وفات پرگہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
صدرمملکت عارف علوی نے نعیم الحق کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور مرحوم کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
خیال رہے کہ نعیم الحق آخری وقت میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور تھے اور گذشتہ 2 سالوں سے بلڈ کینسر میں مبتلا تھے جو آج کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔
Comments are closed.