Khabardar E-News

اطاعت کی ہے نہ کروں گا، یہ بغاوت ہے تو کرتا رہوں گا: فضل الرحمان

115

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

ڈی آئی خان: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر کہا ہے کہ ہماری جدوجہد قانون اور آئین کے تحت جاری ہے، آزادی مارچ ہمارا جمہوری حق تھا، اطاعت کی ہے نہ کروں گا، یہ بغاوت ہے تو کرتا رہوں گا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمان کا پیغام جمعیت وزیرستان کنونشن سے خطاب میں کہنا تھا کہاکہ قبائل میں 2007 سے 2017 تک 8 لوگ قتل ہوئے لیکن انضمام کے بعد سے اب تک 150 لوگ قتل ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے کمر چور چور کردی ہے، یقیناً کچھ دوستوں کی کمزوریوں کی وجہ سے اس حکومت کو اتارنے میں کامیاب تو نہیں ہوئے لیکن اس وقت حکومت کی رِٹ کہیں نظر نہیں آرہی۔

ان کا کہنا تھا کہ اِس وقت یہ حکومت نا اہل ہے، اس ملک کی بقاء اور اس کو طاقت ور بنانے میں اداروں کی حمایت کرنے کو تیار ہیں، ہم ملکی اداروں کا احترام کرتے ہیں لیکن ان کی رائے سے اختلاف کرتے ہیں، یہی جرم کرتے ہیں جس بات کو سچ سمجھتے ہیں اس کو آداب سے پیش کرتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد قانون اور آئین کے تحت جاری ہے، آزادی مارچ ہمارا جمہوری حق تھا، اطاعت کی ہے نہ کروں گا، یہ بغاوت ہے تو کرتا رہوں گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں کو انٹرویو میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر غداری کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ 

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم کے بیان کی شدید مذمت کی گئی ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے اسمبلی میں اس معاملے پر آواز اٹھائی تھی۔

یاد رہے کہ اکتوبر اور نومبر 2019 میں جمعیت علمائے اسلام نے حکومت کے خلاف آزادی مارچ شروع کیا تھا تاہم چند روز دھرنا دینے کے بعد مظاہرہ ختم کردیا گیا تھا۔ 

اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے متعدد ٹی وی انٹرویوز میں کہا کہ وہ اسلام آباد سے خالی ہاتھ واپس نہیں آئے انہیں یقین دہانیاں کرائی گئی ہیں۔

Comments are closed.