Khabardar E-News

تحریک انصاف کے بانی رہنما نعیم الحق انتقال کرگئے

113

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کراچی: تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق کراچی میں انتقال کرگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما نعیم الحق کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے، ان کی عمر 70 برس تھی۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نعیم الحق کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے اور کافی عرصے سے علیل تھے، طبیعت بہتر ہونے پر وہ اسلام آباد سے کراچی منتقل ہوئے اور آغا خان اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے نعیم الحق کے انتقال کی تصدیق اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینسر کے خلاف بہادری سے لڑنے والے، ہمارے دوست، ساتھی اور ہمارے بڑے نعیم الحق انتقال کرگئے، انہیں ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے، اللہ تعالیٰ نعیم الحق کو جوار رحمت میں جگہ دے۔

تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ بروز اتوار بعد نماز عصر، مسجد عائشہ، خیابان اتحاد میں ادا کی جائے گی۔

نعیم الحق 11 جولائی 1949 کو کراچی میں پیدا ہوئے، جامعہ کراچی سے انگلش لٹریچرمیں ماسٹرز اور ایس ایم لاء کالج سے ایل ایل بی کیا، وہ نیویارک کے یو این پلازہ میں نیشنل بینک کی شاخ قائم کرنےوالی ٹیم کا حصہ بھی رہے، اور 1980ء میں بطور مرچنٹ بینکر لندن میں رہائش اختیار کرلی، ایروایشیا کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹراور میٹروپولیٹن اسٹیل کے چیئرمین بھی رہے۔

80 کی دہائی میں لندن قیام کےدوران نعیم الحق کی عمران خان سے ملاقات ہوئی جو گہری دوستی میں بدل گئی، انہوں نے 1984 میں ایئرمارشل اصغرخان کی تحریک استقلال جوائن کی اور کراچی آگئے، 1988 میں تحریک استقلال کے پلیٹ فارم سے حلقہ اورنگی ٹاؤن سے انتخابات میں حصہ لیا۔

نعیم الحق نے 1996ء میں عمران خان کے ساتھ  پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی اس لئے انہیں پاکستان تحریک انصاف کا بانی رکن کہا جاتا ہے، 2008 میں ان کی اہلیہ کا کینسر کے باعث انتقال ہوگیا جس کے بعد انہوں نے پوری توجہ اپنی پارٹی  کی جانب مرکوز کردی، 25 دسمبر 2011  کو کراچی میں ہونے والے عظیم الشان جلسے کا سہرا بھی نعیم الحق کو جاتا ہے جس نے تحریک انصاف کو قومی سیاسی جماعتوں کی صف میں کھڑا کردیا، 2012ء میں نعیم الحق تحریک انصاف چیئرمین کے چیف آف اسٹاف بن کر اسلام آباد منتقل ہوگئے، وہ پارٹی کی کور کمیٹی کا حصہ اور انفارمیشن سیکریٹری بھی رہے۔

جنوری 2018ء میں نعیم الحق کو خون کےسرطان کا مرض تشخیص کیا گیا، تاہم وہ انتخابی مہم کے دوران اپنا علاج بھی کرواتے رہے، انتخابات میں کامیابی کے بعد نعیم الحق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور مقرر ہوئے۔

Comments are closed.