
سکھر میں ایران سے آنے والے 13 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پاکستان میں مجموعی تعداد 51 ہوگئی۔
حکومت سندھ کے ترجمان مرتضی وہاب نے اپنے ٹوئیٹ پر اپنے پیغام میں بتایا کہ تفتان سے سکھر آنے والے 13 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ افراد ان زائرین میں شامل تھے جنھیں وطن واپسی پر قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔
اس سے قبل محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں مزید 4 کورونا وائرس کیسز کی تصدیق کردی ہے جب کہ اسلام آباد میں بھی کورونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آگیا ہے۔
ترجمان پمز کے مطابق کورونا سے متاثرہ خاتون کے شوہر میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد دونوں میاں بیوی کو پمز کے آئیسولیشن وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے، پمز میں داخل خاتون اپنے شوہر و بچوں کے ہمراہ یوکے سے پاکستان آئی تھیں تاہم آج شوہر میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان پمز کا کہنا ہے کہ پمز میں کورونا سے متاثرہ 4 کنفرم مریض داخل ہیں، چاروں مریضوں کو آئیسولیشن وارڈ میں داخل کردیا ہے جب کہ کورونا کے شبہ میں روزانہ درجنوں لوگ ٹیسٹ کے لیے آرہے ہیں، روزانہ 4 سے 5 مشتبہ مریض سامنے آرہے ہیں جن کے نمونے ٹیسٹ کے لیے این آئی ایچ بھجوائے جاتے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 متاثرہ افراد کچھ دن قبل سعودی عرب سے کراچی پہنچے تھے جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ ایک متاثرہ شخص کی سفری تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے 21 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، 2 مریضوں کو صحتیاب ہونے کے بعد ڈسچارج کیا جاچکا ہے جب کہ 19 مریض مختلف آئسولیشن وارڈز میں زیر علاج ہیں۔
نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 34 ہوگئی ہے، کورونا وائرس کے سندھ میں 21 بلوچستان میں6، گلگت بلتستان میں 3 جب کہ اسلام آباد میں 4 مریض زیرعلاج ہیں۔
Comments are closed.