دونوں کھلاڑیوں کی نصف سنچریوں نے پی سی بی چیلنجرز کو فتح دلادی
لاہور( این این آئی)سہ فریقی قومی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پی سی بی چیلنجرز نے پی سی بی بلاسٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی ۔ پی سی بی بلاسٹرز کی یہ ایونٹ میں مسلسل دوسری ناکامی ہے۔ پی سی بی چیلنجرز کی کپتان بسمہ معروف کو 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری قومی ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں پی سی بی بلاسٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر جویریہ خان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی۔ جویریہ خان کی جانب سے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت پی سی بی بلاسٹرز نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے فاطمہ ثنا، ندا ڈار اور عروب شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پی سی بی چیلنجرز کی جانب سے بسمہ معروف اور منیبہ علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، دونوں بیٹرز کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 121 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔کپتان بسمہ معروف 47 گیندوں پر 62 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہیں۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔ منیبہ علی 56 رنز بناکر آٹ ہوئیں۔ پی سی بی بلاسٹرز کی جانب سے انعم امین اور رامین شمیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آج منگل کے روز پی سی بی چیلنجرز اورپی سی بی ڈائنا مائٹس مد مقابل ہوں گی ۔
Comments are closed.