ایم کیو ایم نے حکومت سے نہیں کابینہ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا،وہ وزیراعظم کے وژن 2020کا حصہ رہے گی،مشیراطلاعات کی میڈیا سے گفتگو
اسد عمر کی ایم کیو ایم سے عوامی توقعات ،وزیراعظم کی ترجیحات کے بارےمیں بات ہوئی ہے، شادیانے بجانے والوں کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے،
اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے حکومت سے نہیں کابینہ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا،وہ وزیراعظم کے وژن 2020کا حصہ رہے گی،وزیراعظم کراچی کیلئے پہلے ہی 162ارب روپے کا پیکیج دے چکے ہیں،اسد عمر کی ایم کیو ایم سے عوام کی توقعات ،وزیراعظم کی ترجیحات کے حوالے سے بات ہوئی ہے، شادیانے بجانے والوں کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے،رانا ثناء اللہ سیاست بچانے کیلئے مذہب کا استعمال نہ کریں،لیگی قیادت اپنی جماعت چھوڑ کر خود بیرون ملک مقیم ہے،قومی سلامتی کے معاملات پر میڈیا مثبت کردار ادا کر رہا ہے،خطے کو کشیدگی کی صورتحال سے بچانے کیلئے کوشاں ہیں،ہماری شناخت اور وجود پاکستان کے استحکام سے وابستہ ہے،بجلی بلوں میں صارفین کو جلد ریلیف ملے گا،بی آئی ایس پی کو لوٹنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسد عمر کی قیادت میں وفد نے ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کی ہے، عوام کی توقعات اور وزیراعظم کی ترجیحات کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم وزیراعظم کے وژن 2020کا حصہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے حکومت سے نہیں کابینہ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کراچی کیلئے پہلے ہی 162ارب روپے کا پیکیج دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شادیانے بجانے والوں کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے،ایم کیو ایم ملکی استحکام اور ترقی کیلئے پہلے کی طرح شانہ بشانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ اپنے مقدمے کو سیاسی اور مذہبی رنگ دینے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں ،رانا ثناء اللہ کی ضمانت ہوئی ہے کیس ختم نہیں ہوا،وہ سیاست بچانے کیلئے مذہب کا استعمال نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی بیمار قیادت ہسپتال کی بجائے گھروں میں مقیم ہے،لیگی قیادت کبھی حامد کرزئی سے ملاقات اور کبھی فائیو سٹار ہوٹل میں پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام نواز شریف کی صحت سے متعلق فکر مند ہے۔انہوں نے کہا کہ لیگی قیادت اپنی جماعت کو چھوڑ کر خود بیرون ملک مقیم ہے۔رانا ثناء اللہ اپنی قیادت کا غصہ حکومت پر نکال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے پرویز مشرف کیس میں انصاف کی فراہمی یقینی بنائی،لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ کیا کہ خصوصی عدالت کا قیام قانون کے مطابق نہیں تھا ،خصوصی عدالت کا قیام کابینہ کی منظوری کی بجائے سابق وزیراعظم کے خط پر کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے استحکام ہو گا ، ملکی ادارے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملات پر میڈیا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خطے کو کشیدگی کی صورتحال سے بچانے کیلئے کوشاں ہیں،ہماری شناخت اور وجود پاکستان کے استحکام سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں صارفین کو جلد ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ٹیرف سے متعلقہ معاملات زیر بحث آئیں گے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ الیکشن کمیشن عوامی ادارہ ہے ، مزید با اختیار بنائیں گے،الیکشن کمیشن کو با اختیار بنانے کیلئے سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے سرکاری افسران بھی فائدہ اٹھاتے رہے ہیں ،بی آئی ایس پی کو لوٹنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔
Comments are closed.