
اسلام آباد/ لندن: کورونا وائرس کے مشکوک کیس کے سبب لندن میں پاکستانی قونصل خانے کوغیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن لندن بھی کورونا وائرس کی زد میں آگیا، نیشنل ہیلتھ سروسز کی جانب سے ہائی کمیشن کے اہلکار میں کورونا وائرس کی علامات کا کہا گیا ہے۔ اس بات کی تصدیق ہائی کمیشن اتاشی نے کی ہے اور کہا ہے کہ لندن میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کی سروسز غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔
ہائی کمیشن کے دروازے پر لگے نوٹس کے مطابق صحت عامہ کو درپیش تحفظات کے پیش نظر آج سے قونصلر سروسز بند کی جا رہی ہیں، عوام سے کہا گیا ہے مزید ہدایات آنے تک آن لائن سروسز سے استفادہ کریں، عوام کو دوباری سروس بحال ہونے کی اطلاع دی جائے گی تاہم صرف ایمرجنسی کی صورت میں قونصل خانے سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
ہائی کمیشن کے پریس اتاشی نے قونصل خانہ بند ہونے اور اہلکار میں وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہائی کمیشن کے ایک اہلکار میں کورونا وائرس کی علامات اور طبیعت خراب ہونے کے سبب اسے اسپتال بھیج دیا ہے کورونا وائرس کی علامات کے حوالے سے ابھی حتمی نہیں کہا جاسکتا تاہم این چیک اپ کے بعد وائرس کی تصدیق ہوسکے گی۔
Comments are closed.