جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’کہیں دیپ جلے‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ نازش جہانگیر نے حال ہی میں طویل عرصے سے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کے حوالے سے بتادیا۔
شوبز انڈسٹری کی متعدد اداکاراؤں کو سوشل میڈیا پر ڈپریشن کے حوالے سے بات چیت کرتے دیکھا گیا ہے جس میں اداکارہ ماورا حسین، حنا الطاف اور ماہی بلوچ سمیت دیگر شخصیات شامل ہیں۔
اب حال ہی ڈپریشن کے حوالے سے ایک اور اداکارہ نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے مداحوں کو اپنی بیماری سے متعلق بتایا۔
نازش جہانگیر نے سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ لکھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ یہ بات نہیں جانتے کہ ’پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر‘ کا علاج نا کرنے سے اس کے تباہ کن اثرات ہوسکتے ہیں۔
نازش جہانگیر نے اپنی پوسٹ میں مزید بتایا کہ یہ بیماری نا صرف آپ کے گھر والوں اور دوستوں سے تعلقات کو متاثر کرتی ہے بلکہ یہ آپ کو جذباتی مسائل اور صحت سے متعلق مسئلوں میں بھی مبتلا کردیتی ہے۔
نازش نے اپنی پوسٹ کے ذریعے سب کو پیغام دیا کہ ایسا کوئی بھی فارمولا نہیں ہے جو اچانک آپ کو خوف سے نکال کر ٹھیک کر دے، صبر کریں، اپنے سفر کو ہی مرہم بننے دیں علاوہ ازیں اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ روزانہ عبادت کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی اداکارہ نازش جہانگیر نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2015 میں کیا۔
نازش جہانگیر پر اداکار محسن عباس حیدر کی سابق اہلیہ کی جانب سے الزام بھی عائد کیا گیا تھا کہ ان کے محسن کے ساتھ تعلقات ہیں جس پر دونوں کی جانب سے تردید کی گئی تھی کہ یہ الزامات چھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔
Comments are closed.