کھٹمنڈو: امریکی کرکٹ ٹیم نیپال کے خلاف ایک روزہ میچ میں صرف 35 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اس نے میچ میں کم ترین اسکور کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ورلڈ کپ لیگ کے ون ڈے میچ میں میزبان ٹیم نے امریکی کرکٹ ٹیم کو 50 اوورز کے میچ میں کم ترین اسکور پر پویلین لوٹا دیا، جس کے بعد امریکی ٹیم ایک روزہ میچ میں کم ترین سکور کا ریکارڈ قائم کرنے والی زمبابوے کی ٹیم کے ساتھ شامل ہو گئی۔
ورلڈ کپ لیگ کے میچ میں نیپال کے لیگ اسپنر سندیپ لمیچھانے نے صرف 16 رنز دے کر 6 امریکی بلے بازوں کی پویلین کی راہ دکھائی جب کہ دیگر 4 امریکی کھلاڑوں کو دوسرے اسپنر سشان بھاری نےصرف 5 رنز دے کر ٹھکانے لگایا۔ امریکی اوپنر زاویئر مارشل ہی دہرے ہندسے میں داخل ہوئے اور انہوں نے 16 رنز بنائے، اس طرح پوری امریکی ٹیم 12 اوورز میں صرف 35 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں ہوم گراؤنڈ پر اپنی پہلی بین الاقوامی سیریز کھیلنے والی نیپالی ٹیم نے مقررہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر چھٹے اوور کی دوسری بال پر ہی حاصل کرلیا، میزبان ٹیم کے دونوں اوپنر دوسرے اوور میں ہی آؤٹ ہوگئے تھے تاہم تمل پٹیل نے لگاتار 3 گیندوں پر چوکا، چھکا اور پھر چکا لگر کر اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلا دی۔
واضح رہے کہ امریکا سے پہلے یہ ریکارڈ زمبابوے کی ٹیم کے پاس تھا جب 2004 میں سری لنکا کے خلاف ہرارے کے میدان پر زمبابوے کی پوری ٹیم 18 اوورز میں صرف 35 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔
Comments are closed.