Khabardar E-News

بولنگ ایکشن کلیئر، حفیظ کو گرین سگنل مل گیا

256

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر ہوگیا اور اب وہ انٹرنیشنل میچز میں بطور آل راؤنڈر کھیل سکیں گے جب کہ پی ایس ایل 5 میں لاہور قلندرز کی جانب سے بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن گزشتہ سال اگست میں انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ کے دوران رپورٹ ہوا تھا، آزادانہ تجزیہ میں ان کے بازو کا خم 15 ڈگری کی قانونی حد سے متجاوز پایا گیا جس پر ان کو بولنگ سے روک دیا گیا تھا۔

ضابطے کے مطابق انگلش بورڈ کی جانب سے عائد کی جانے والی اس پابندی کی اطلاق انٹرنیشنل میچز پر بھی ہوا، اگرچہ محمد حفیظ ڈومیسٹک کرکٹ میں بولنگ کرسکتے تھے لیکن عام طور پر ایسی صورتحال میں ٹیمیں پابندی کے شکارکھلاڑی کی بطور بولر خدمات حاصل کرنے سے گریز کرتی ہیں۔

کلیئر نہ ہونے پر پی ایس ایل میں لاہور قلندرز ان کو بطور اسپیشلسٹ بیٹسمین کھلانے پر مجبور ہوتے، تاہم اب کوئی خدشہ باقی نہیں رہا، لاہور کی مقامی یونیورسٹی میں پی سی بی کی طرف سے قائم کردہ بائیومکینکس لیب میں ٹیسٹ کے بعد ان کا ایکشن کلیئر قرار دیا گیا ہے، اس سے محمد حفیظ کا بطور آل راؤنڈر اسٹیٹس بحال ہوگیا ہے۔

Comments are closed.