Khabardar E-News

صوبائی حکومت عوام کو بہتر نظام زندگی کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے‘ظہور بلیدی

64

Get real time updates directly on you device, subscribe now.


پشین صوبائی وزیر خزانہ ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ صوبائی حکومت مستحکم ہے انشاء اللہ اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرئیگی صوبائی حکومت امن وامان سمیت تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لارہی ہے وہ ڈی سی ریسٹ ہاؤس پشین میں پی ڈی ایم اے کے زیر اہتمام منعقدہ حسن کارکردگی کی پروقار تقریب سے خطاب کررہے تھے انہوںنے کہا کہ تمام اضلاع کے ہسپتالوں کو فعال بناکر ادویات کی کمی کو دور کرنے کیلئے متعلقہ ڈی سیز کو اختیارات سونپ دیئے گئے ہیں جبکہ صوبے کے مختلف اضلاع میں 49 کے قریب رورل ہیلتھ سینٹرز کے بجٹ کو مزید بڑھادیا گیا ہے اسی طرح تعلیم کے شعبے میں بھی خاطر خواہ بہتری آئی ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین فریضہ ہے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر نظام زندگی کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے صوبائی حکومت عوام کیساتھ ہے حالیہ برفباری اور بارشوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے ،لیویز فورس اور ایف سی نے ملکر مقابلہ کیا انہوں نے کہا کہ ہماری قوم تب اکٹھی ہوتی ہیں جب اُن پر آفت آتی ہے ایسے واقعات میں ہمیں تمام تر مفادات سے بالاتر ہوکر متحد ہونا چاہئے بارشیں اور برفباری اللہ تعالیٰ کی خصوصی نعمتیں ہیں انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کو بہتر خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت پی ڈی ایم اے کو سہولیات اور ساتھ ہی لیویز فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے انہوں نے حالیہ برفباری میں جوش و جذبے سے متاثرین کی خدمت کرنیوالے افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حالیہ برفباری کے شہداء کیلئے افسوس اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دُعا کی ۔تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی دنیش کمار، حاجی اصغر خان ترین ، عبدالواحد صدیقی ، صوبائی مشیر بلال کاکڑ، کمانڈر سیکٹر ناتھ بریگیڈئیر لیاقت علی ، کرنل امان اللہ مینگل ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) امین اللہ ناصر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) فیصل فہیم ، اسسٹنٹ کمشنرز محمد عارف زرکون، سعید دُمڑ، عبدالولی کاکڑ ،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ظفر اقبال ، صدر نیشنل پریس کلب سمیع ترین اور دیگر شریک تھے ۔ تقریب سے ڈائریکٹر جنرل لیویز مجیب الرحمن قمبرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برفباری سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سب نے ملکر کام کیا جس کے باعث ہمیں کامیابی نصیب ہوئی قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، مستونگ اور ڈسٹرکٹ پشین میں حالیہ برفباری کی تیز ہواؤں میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ، ایف سی اور لیویز فورس کے جوانوں نے جس جذبے سے خدمت خلق کا مظاہرہ کیا اُن کی مثال نہیں ملتی اِس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران زرکون نے کہا کہ شمالی بلوچستان میں حالیہ برفباری نے تیس سالہ ریکارڈ توڑ دیا صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایات تھیں کہ صوبے میں برفباری سے متاثرہ علاقوں میں فوری امداد کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائے جس پر پی ڈی ایم اے نے جنگی بنیادوں پر امدادی کاروائیوں میں حصہ لیکر کان مہترزئی میں ریسکیو آپریشن شروع کیا حالیہ برفباری میں سب نے ملکر اس قدرتی آفت کا مقابلہ کیا انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی تعاون سے جلد صوبے کے تیس ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جائیگا ممکنہ برفباری کے پیش نظر پشین لیویز کو جدید لباس فراہم کریں گے مشینری جلد بلوچستان آجائیگی حکومت کی جانب سے پی ڈی ایم اے میں کوئی کمی نہیں ہے خدانخواستہ اگر ایک لاکھ کے قریب گھر متاثرہوتے ہیں تو ہمارے ساتھ اسٹاک موجود ہے انہوں نے بتایا کہ حالیہ برفباری اور بارشوں سے صوبے میں بیس افراد جاں بحق ہوئے اللہ تعالیٰ انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا کریں انہوں نے کہا کہ مستقبل میںبھی ایسے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے سب متحد ہوکر کام کریں گے ۔تقریب سے ڈپٹی کمشنر قائم لاشاری نے بھی خطاب کیا اُن کا کہنا تھا کہ حالیہ برفباری سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے لیویز فورس اور ایف سی نے دن رات امدادی کارروائیوں میں حصہ لیکر متاثرین برفباری کو ریلیف فراہم کیا پی ڈی ایم اے کی جانب سے ملنے والا سامان کو متاثرین میں تقسیم کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی ، اراکین صوبائی اسمبلی ، دنیش کمار، حاجی اصغر ترین ، عبدالصدیقی ، صوبائی مشیر بلال کاکڑ،ڈی جی لیویز مجیب الرحمن قمبرانی، ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون اورڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری نے حالیہ برفباری میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ضلعی آفیسران، ایف سی اور لیویز اہلکاروں سمیت تعلقات عامہ کو تعریفی اسناد اور خصوصی شیلڈ دیئے گئے ۔

Comments are closed.