
کوئٹہ صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ نئے سال کیلئے داخلہ مہم کو بھرپور انداز میں چلایا جائے گا۔ اس حوالے سے تمام ڈویژسنز اور اضلاع کے ڈی ای اوز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے والدین اور شہریوں سے درخواست کی کہ وہ داخلہ مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے آگے آئیں اور اپنا کردار ادا کریں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ رواں سال زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخلہ دیا جائے گا۔ تمام متعلقہ افسران تعلیمی داخلہ مہم کے حوالے سے مکمل تیاری کے ساتھ بھرپور مہم چلائیں تاکہ سکولوں سے باہر بچوں کو اسکول تک لایا جاسکے۔ صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا کہ 15 فروری سے ہونے والی داخلہ مہم کی کامیابی کیلئے اعلیٰ سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے جس کی وہ خود نگرانی کریں گے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری تعلیم ڈائریکٹر سکولز ڈویژنل ڈائریکٹرز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران سمیت تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے جامع پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ صوبے میں تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ صوبائی وزیر تعلیم سردار رند نے کہا کہ محکمے کو درست سمت میں گامزن کرنے کیلئے مشکل فیصلے لینے سے گریز نہیں کریں گے۔ محکمے میں نااہل اور کام چور افراد کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی تنزلی میں بہتری کیلئے ہرحد تک جائیں گے۔
Comments are closed.