کابل: افغانستان میں مارشل فہیم ملٹری اکیڈمی کے مرکزی دروازے پر خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا جس کے نتیجے میں فوجیوں سمیت 6 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع ملٹری اکیڈمی میں ایک شخص نے داخل ہونے کی کوشش میں ناکامی پر خود کو بارودی مواد کے دھماکے سے اُڑا دیا جس کے نتیجے میں 4 افغان اہلکار اور 2 شہری ہلاک ہوگئے۔
خود کش دھماکے میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 6 فوجی اہلکار اور 5 شہری شامل ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فوری طور پر حملہ آور کی شناخت نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ امریکا اور طالبان کے درمیان قطر میں ہونے والے امن مذاکرات کے تعطل کا شکار ہونے کے بعد سے دھماکوں میں اضافہ ہوا ہے۔
Comments are closed.