اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے پارٹی کے قائد نواز شریف کی لندن میں امریکی اور برطانوی اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات کی تردید کرنے سے انکار کردیا۔
رانا ثناءاللہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کا مارچ میں وطن واپسی کا ارادہ ہے، نوازشریف کے دل کے آپریشن کے بعد فوری وطن واپس آجائیں گے، نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے لیے بھی قانونی ٹیم کی مشاورت جاری ہے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے کسی قومی حکومت کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے، ہم قومی حکومت کی بجائے (مڈٹرم) قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں اور احتجاج کے لیے ہر فورم کا انتخاب کریں گے۔
صحافی نے رانا ثناءاللہ سے سوال کیا کہ چار مارچ کو نواز شریف کی امریکی اور برطانوی اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات سے متعلق کیا کہتے ہیں۔ اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ان ملاقاتوں کی تردید نہیں کروں گا، میں اس پر تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں اس لیے نہیں کہ پارٹی کی طرف سے اجازت نہیں۔
Comments are closed.