کراچی: کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کے باعث محکمہ صحت سندھ نے شہر قائد میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز اور عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے اور اسکولوں کی تعطیلات میں توسیع کی سفارش کردی تاہم سندھ حکومت نے یہ سفارشات مسترد کردی ہیں۔
کراچی میں وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق محکمہ صحت نے وزیراعلی سندھ کو اسکولوں سمیت تعلیمی اداروں کو طویل عرصے کے لئے بند کرنے، پی ایس ایل میچز کے کراچی میں انعقاد اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کردی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ صحت سندھ کراچی آنے والے تمام مریضوں کی اسکریننگ کے لئے کراچی ایئرپورٹ پر ہیلتھ ڈیسک قائم کرے گا اور اسکریننگ کرے گا جبکہ تمام نجی اور سرکاری اسپتالوں میں کورونا وائرس سے متعلق معلومات کے لئے فرنٹ لائن ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔
محکمہ صحت سندھ نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو پی ایس ایل اور بڑے عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کے لئے آج ایڈوائزری (ہدایات) جاری کی جائے گی۔
حکام نے کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والے شہریوں کو ہدایت کی کہ اگر وہ حال ہی میں کسی ایسے ملک سے کراچی آئے ہیں تو وہ خود کو 14 دن کے لئے قرنطینہ میں رکھیں، کورونا کے مریضوں کے لئے گڈاپ اسپتال کو قرنطینہ کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔
سفارشات مسترد
دوسری جانب سندھ حکومت نے محکمہ صحت کی کراچی میں پی ایس ایل مقابلے منسوخ کرنے کی تجویز مسترد کر دی۔
سندھ حکومت نے پی ایس ایل میچز معمول کےمطابق کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کورونا وائرس سےمتعلق محکمہ صحت کی تجاویز پر شدید اظہار برہمی کیا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق صورتحال قابو میں ہے اور سندھ حکومت پی ایس ایل میچز کےانعقاد کےلیےتمام ضروری انتظامات کرےگی۔
وزیراعلی سندھ نے پی ایس ایل میچز پر پابندی اور اسکول تعطیلات میں توسیع کی سفارش کرنے پر محکمہ صحت پر اظہار برہمی کرتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کی سخت سرزنش کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کا اعلامیہ شہر میں کوروناوائرس سےمتعلق خوف و ہراس پھیلانے کی وجہ بنا۔
علاوہ ازیں کراچی میں پی ایس ایل میچزکے بارے میں حتمی فیصلہ آج شام ہوگا۔ پی سی بی ترجمان نے واضح کیا ہے کہ پی ایس ایل فائیوکے میچز کراچی سے منتقل کرنے کی ابھی کوئی تجویزنہیں ملی۔ سندھ حکومت سے رابطے میں ہیں اور اس کی صحت سفارشات پر مکمل عمل درآمد کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد17 ہوگئی ہے۔ یہ سارے وہ لوگ ہیں جنہوں نے بیرون ملک سفر کیا تھا اور وطن واپس آئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر نے ایران اور شام کا سفر کیا تھا۔
Comments are closed.