کراچی: وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے قریبی عزیز بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلی سندھ کے قریبی عزیز اور اعلیٰ سرکاری افسر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ مراد علی شاہ کے قریبی عزیز نے حال ہی میں ایران اور شام کا سفر کیا تھا۔
محکمہ صحت کی جانب سے ان کے ٹیسٹ لیے گئے جس میں ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ متاثرہ شخص کو نجی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔ بعض اطلاعات کے مطابق متاثرہ شخص وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے بہنوئی ہیں۔
ادھر ترجمان سندھ حکومت نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ کا کوئی عزیز کورونا وائرس کا شکار نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد17 ہوگئی ہے۔ یہ سارے وہ لوگ ہیں جنہوں نے بیرون ملک سفر کیا تھا اور وطن واپس آئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر نے ایران اور شام کا سفر کیا تھا۔
Comments are closed.