لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب چینی اور آٹا چور مافیا کو ساتھ بٹھا کر عوام کی جیب کاٹ رہے ہیں۔
وزیر اعظم کی جانب سے کھانے پینے کی اشیا میں کمی کے لیے اقدامات کے اعلان پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 16 ماہ میں ثابت ہو گیا کہ عمران خان کے پاس نا تو ملک چلانے کی قابلیت ہے اور نا ہی صلاحیت، ملک کو چلانا جھوٹوں ، نااہلوں ، نالائقوں اور چوروں کے بس کی بات نہیں، عمران خان اب استعفٰی دے کر ہی قوم کو فوری ریلیف دے سکتے ہیں، انہیں اپنی ذات اور تکبر سے بالاتر ہو کر عوام کا سوچنا اور گھر جانا ہو گا کیونکہ قوم کو ریلیف اب ان کے گھر جانے سے ہی مل سکتا ہے، ڈرامے، تماشے اور جھوٹ سے تبدیلی نہیں صرف تباہی آسکتی ہے اور وہ عمران خان لے آئے ہیں، عمران خان چینی اور آٹا چور مافیا کو ساتھ بٹھا کر عوام کی جیب کاٹ رہے ہیں۔ غریب عوام کے منہ سے نوالا چھین کر اور دوستوں کو ریلیف دے کر 2018 کے انتخابات اور بنی گالہ کا خرچہ پورا کیا جا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نااہل، نالائق اور کرپٹ ترین ٹولے کی وجہ سے 16 ماہ میں ملک مہنگا اور غریب ترین ہو گیا ہے، عمران خان اور ان کے دوستوں کی چوری نے جہانگیر ترین کو امیر ترین اور ملک کو مہنگا اور غریب ترین کر دیا، عمران خان 16 ماہ کا حساب دییں کہ جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی ملوں کو کتنا نفع پہنچا اور ملک کا کتنا نقصان ہوا، آٹا اور چینی کا بحران ختم اور قیمتیں کم کرنے کے لئے عمران خان ، جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو تلاشی دینا پڑے گی۔
ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا ہے تو تلاشی لیں کہ جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی ملوں سے کتنی چینی برآمد ہوئی تلاشی لیں، 24 گھنٹے گزر گئے لیکن اب تک جہانگیرترین اور خسرو بختیار کی ملوں کی تلاشی نہیں لی، اگر چینی اور آٹے کی چوری نہیں کی تو جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی ملوں کی تلاشی کا حکم کیوں نہیں دیتے ؟
Comments are closed.